جہاں محسوس ہو فیصلہ حکومت کے خلاف ہوسکتا ہے تو بینچ سے کیس ہی لے لیا جاتا ہے: جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے بینچز کے اختیارات کا کیس مقرر نہ کرنے پر توہین عدالت کیس میں سینئر وکیل منیر اے ملک اور حامد خان کو عدالتی معاون مقرر کر دیا جبکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان سے بھی معاونت طلب کرلی، جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے پروسیجر کمیٹی چلتے ہوئے کیس واپس لے تو عدلیہ کی آزادی تو ختم ہو گئی، جہاں محسوس ہو فیصلہ حکومت کیخلاف ہو سکتا ہے تو بینچ سے کیس ہی واپس لے لیا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بینچز کے اختیارات کا کیس مقررنہ کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی، رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا بتائیں عدالتی حکم کے باوجود کیس مقرر کیوں نہ ہوا؟ رجسٹرار سپریم کورٹ نے موقف اختیار کیا کہ یہ کیس آئینی بینچ کا تھا، غلطی سے ریگولربینچ میں لگ گیا تھا۔

جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دئیے اگر یہ غلطی تھی تو عرصے سے جاری تھی، اب ادراک کیسے ہوا؟ معذرت کے ساتھ غلطی صرف اس بینچ میں مجھے شامل کرنا تھی، میں اس کیس کو ہائیکورٹ میں سن چکا تھا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اس معاملے پر اجلاس کیسے ہوا؟ کیا کمیٹی نے خود اجلاس بلایا یا آپ نے درخواست کی؟

رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ہم نے کمیٹی کو نوٹ لکھا تھا، جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا جب جوڈیشل آرڈر موجود تھا تو نوٹ کیوں لکھاگیا؟ ہمارا آرڈر بہت واضح تھا کہ کیس کس بینچ میں لگنا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے ہمیں وہ نوٹ دکھائیں جو آپ نے کمیٹی کو بھیجا جس پر رجسٹرار نے کمیٹی کو بھیجا گیا نوٹ پیش کردیا۔