نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ مکمل فعال، پہلی کمرشل پرواز لینڈ کرگئی، عظیم کامیابیوں کی بنیاد ملکی صلاحیتوں کا نشان ہے: خواجہ آصف

گوادر (نمائندہ مشرق) پاک چین لازوال دوستی کا شاہکار، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا، کراچی سے پی آئی اے کی پہلی کمرشل پرواز گوادر ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی،کراچی سے پی کے 503 نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، افتتاحی پرواز کا رن وے پر واٹر کینن سیلو ٹ کےساتھ شاندار استقبال کیا گیا،وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف، گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور اعلیٰ حکام نے پہلی کمرشل پرواز کا استقبال کیا اور مسافروں کو پھول پیش کیے،ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے پی آئی اے کی پہلی کمرشل پرواز 46 مسافروں کو لے کر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جس نے صبح 9 بج کر 50 منٹ پر کراچی سے اڑان بھری اور 11 بج کر 15 منٹ پر گوادر میں لینڈ کیا،رپورٹ کے مطابق نیو گوادر ایئرپورٹ کا 3.6 کلومیٹر طویل رن وے بڑے طیاروں کیلئے موزوں ہے، نیو گوادر ایئرپورٹ پر ایئر بس اور بوئنگ طیارے لینڈ کر سکیں گے، 430 ایکڑ پر مشتمل گوادر ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے،نیو گوادر ایئرپورٹ سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، ایئرپورٹ پر جدید سکیورٹی اور مسافروں کو سہولتیں دستیاب ہوں گی،نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا سی پیک کے بانیوں نے اجدید ہوائی اڈے کے قیام کو ترجیح دی، سی پیک میں شمولیت کے بعد گوادر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہمیں چینی حکومت کا شکر ادا کرنا چاہیے، نیوگوادر ہوائی اڈا بلوچستان اور پورے ملک کو فائدہ دینے کیلئے تیار ہے، نیو گوادر ہوائی اڈے سے بلوچستان اور پورے پاکستان کیلئے اقتصادی ترقی اور خوشحالی میسر ہوگی، نیو گوادر ہوئی اڈا بلوچستان کیلئے نئے دور کی خوشحالی کا نشان ہے، یہ نیا انفراسٹرکچر تجارت اور سیاحت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا، جدید ہوائی اڈے کی وجہ سے ملازمتیں پیدا ہوں گی اور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا، جدید ہوائی اڈے سے یہاں کے رہائشیوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی موجودگی سرمایہ کاروں کو راغب کرے گی، اقتصادی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلے کو فروغ ملے گا،خواجہ آصف نے مزید کہا ہمیں مستقبل کی طرف خوشدلی اور عزم کےساتھ دیکھنا چاہیے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک اختتام نہیں بلکہ آغاز ہے، عظیم کامیابیوں کی بنیاد ملکی صلاحیتوں کا نشان ہے، اتحاد اور تعاون کے ذریعے سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں، شاندار منصوبے میں حصہ لینے والے تمام افراد کی کاوشوں کی تعریف کرتا ہوں،اس موقع پر ڈی جی ایئرپورٹس ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے کہا نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل فعال ہونا اہم سنگ میل ہے، ایئرپورٹ کے فعال ہونے پر چین کے مشکور ہیں،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرنے والے افراد میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے، اس موقع پر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔