اسلا م آباد:(بیورورپورٹ)ایک اور مذاکراتی بیٹھک،تحریری مطالبات حکومت کے سپرد،پی ٹی آئی مینڈیٹ واپسی کے مطالبے سے دستبردار،وزیراعظم نے اپوزیشن کے تحریری مطالبات کا جواب دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی۔
حکومت،پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ایک گھنٹہ 40 منٹ جاری رہا،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونےوالی بیٹھک میں پی ٹی آئی نے تحریری طور پر اپنے مطالبات کا مسودہ پیش کیا،اپوزیشن لیڈر عمرایوب کے لیٹر پیڈ پر تیارڈرافٹ 3صفحات ،چارٹر آف ڈیمانڈ 2 نکات پر مشتمل ہے۔
عمر ایوب نے تحریری مطالبات کا ڈرافٹ سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے رکھا، مطالبات کمیٹی اجلاس میں پڑھ کر بھی سنائے،پی ٹی آئی نے2الگ الگ کمیشن بنانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا دونوں کمیشن چیف جسٹس یا سپریم کورٹ کے 3 حاضر سروس ججز پر مشتمل ہوں گے، حکومت 7 روز کے اندر کمیشن قائم کرے، دونوں کمیشن کی کاروائی عام لوگوں ، میڈیا کےلئے اوپن رکھی جائے،9 مئی کمیشن تحقیقات کرے عمران خان کی گرفتاری کے حالات کی قانونی حیثیت کیا ہے؟ کمیشن گرفتاری کے طریقہ کار کی قانونی حیثیت ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں رینجرز اور پولیس داخلے کے ذمہ دار افراد کا تعین کرے،کمیشن عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پیش آنے والے واقعات خاص طور پر ان حالات کی تحقیقات جن میں افراد کے گروپس حساس مقامات تک پہنچے، کمیشن حساس مقامات کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کا جائزہ لے، اگر سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب نہیں تو عدم دستیابی کی وجوہات کا تعین کیاجائے۔
چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق کمیشن 9 مئی واقعات کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے افراد کو کس طریقے سے حراست میں لیا گیا اورکس حالت میں رکھا گیا؟ جائزہ لے،کیا تمام افراد کےساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، بشمول تشدد؟ گرفتار ہونے والے افراد کی فہرستیں کیسے تیار کی گئیں؟،کمیشن تحقیقات کرے کیا کسی ایک فرد کےخلاف متعدد ایف آئی آرز درج کی گئیں اور قانون کے عمل کا غلط استعمال کرتے ہوئے مسلسل گرفتاریاں کی گئیں؟،کمیشن میڈیا کی سنسرشپ ،واقعات کی رپورٹنگ پر پابندیوں اور صحافیوں کوہراساں کرنے کے واقعات کا جائزہ لے۔
پی ٹی آئی نے کہا کمیشن حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ بندش کے نفاذ کی قانونی حیثیت،اثرات کا جائزہ لے اور انٹرنیٹ بندش سے پہلے، دوران اور بعد کے حالات میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے،کمیشن اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کرے، کمیشن تحقیقات کرے کیا اسلام آباد میں مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں یا دیگر جسمانی تشدد کیا گیا؟ اگر ایسا ہوا تو مظاہرین پر گولیاں چلانے ،تشدد کا حکم کس نے دیا؟ تعین کیا جائے طاقت کا استعمال حد سے زیادہ تھا؟ اگر ہاں تو ذمہ دار کون تھے؟ کمیشن تحقیقات کرے 24 سے 27 نومبر کے بعد شہدا،زخمیوں کی تعداد اور لاپتہ ہونےوالے افراد کی تفصیلات کیا ہیں؟۔
چارٹر آف ڈیمانڈ میں مزید کہا گیا دیکھا جائے 24 سے 27 نومبر کے دوران اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں ،طبی مراکز میں سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی حالت کیا تھی؟ کمیشن جائزہ لے کیا ہسپتالوں و دیگر طبی مراکز کے ریکارڈ میں رد و بدل کیا گیا؟ اگر ہاں تو کس کے حکم پر اور کن ہدایات کے تحت کیا گیا؟ کیا ہسپتالوں کو اموات ،زخمیوں کی معلومات جاری کرنے سے روکا گیا؟ کمیشن بلیو ایریا، اسلام آباد میں چائنہ چوک سے ڈی چوک تک مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کی حالت کا جائزہ لے۔
مسودے میں کہا گیا 24 سے 27 نومبر کے واقعات پرایف آئی آر درج کرانے و دیگر قانونی کارروائی کےلئے درخواست دینے والوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟ پی ٹی آئی وفاقی حکومت، پنجاب، سندھ، اور بلوچستان کی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے قانون کے مطابق تمام سیاسی قیدیوں کی ضمانت یا سزا کے معطلی کے احکامات کی حمایت کریں،چارٹر میں تجویز کردہ دونوں کمیشن کا قیام سنجیدگی کے عزم کی لازمی علامت ہے اگر مطالبے کے مطابق کمیشن فوری طور پر قائم نہ کیے گئے تو مذاکرات جاری رکھنے سے قاصر رہیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا حکومت ، اپوزیشن میں خوشگوار میٹنگ ہوئی، مشترکہ اعلامیہ عرفان صدیقی پڑھ کر سنائیں گے،عرفان صدیقی نے کہااپوزیشن لیڈر نے اپنی ڈیمانڈز پڑھ کر سنائیں، مطالبات پر تفصیل سے بات چیت ہوئی، دونوں اطراف نے راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ کیا، حکومتی کمیٹی نے یقین دہانی کرائی ، حکومتی کمیٹی اپوزیشن کے مذاکرات پر تحریری موقف 7 روز میں پیش کرے گی، مذاکرات ٹھیک سمت میں بڑھ رہے ہیں۔
ایک اور مذاکراتی بیٹھک،تحریری مطالبات حکومت کے سپرد



















