شمالی وزیرستان میں آپریشن‘ 4 خوارج ہلاک،پنجاب سے 23 دہشتگرد گرفتار
راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)شمالی وزیرستان میں آپریشن‘ 4 خوارج ہلاک،پنجاب سے 23 دہشتگرد وں کوگرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 14 اور 15 جنوری کی درمیانی شب انٹیلی جنس بنیاد پر کیا گیا،ہلاک ہونےوالے خوارج فورسز کےخلاف کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ،قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا،سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے کہاپوری قوم دہشتگردی کےخلاف متحد ہے،مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کےخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،انسانیت دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے رہیں گے۔
ادھر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میںآپریشنز کرکے 23 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، جہلم، سیالکوٹ، راولپنڈی، گجرات، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد میں کی گئیں، دہشتگردوں سے لاہور کے اہم تعلیمی ادارے کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔



















