لوگوں کا کور کمانڈر ہاؤس کے اندر جانا سکیورٹی ناکامی ہے:آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے،9 مئی کو لوگوں کا کور کمانڈر ہاوس جانا سکیورٹی ناکامی ،کیا واقعات میں ملوث کسی فوجی افسر کاٹرائل ہوا؟۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کیس پر سماعت کی، وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کسی فوجی کو کام سے روکنے پر اکسانے کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت ہوگا، سپریم کورٹ ماضی میں قرار دے چکی ،ریٹائرڈ اہلکار سویلینز ہوتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے آپ کا سارا انحصار ایف بی علی کیس پر ہے، ایف بی علی کیس میں ریٹائرڈ ،حاضر سروس افسر دونوں ملوث تھے، موجودہ کیس میں کسی پر فوج کو کام سے روکنے پر اکسانے کا الزام ہے؟ آرمی ایکٹ کے تحت تو جرم تب بنے گا جب کوئی اہلکار شکایت کرے یا ملوث ہو،خواجہ حارث نے کہافوج کا ڈسپلن جو بھی خراب کرے گا وہ فوجی عدالت میں جائے گا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا فوج کے قافلے پر حملہ کرنا بھی ڈسپلن خراب کرنا ہوگا؟ جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کسی فوجی کا چیک پوسٹ پر سویلین سے تنازع ہو تو کیا ڈسپلن خراب کرنا ہوگا؟جسٹس جمال مندوخیل نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آرمی ایکٹ کا دائرہ جتنا آپ وسیع کر رہے ہیں اس میں تو کوئی بھی آ سکتا ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس میں کہا پہلو کو مدنظر رکھیں ایف بی علی کیس مارشل لاءدور کا ہے، ذوالفقار بھٹو سول مارشل لاءایڈمنسٹریٹر تھے، ذوالفقار بھٹو کو ہٹانے کی کوشش میں ایف بی علی کیس بنا ، مارشل لاءاس وقت ختم ہوا جب آئین بنا تھا،وکیل وزارت دفاع نے کہا بات ٹھیک ہے لیکن عدالتی فیصلے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا ذکر موجود نہیں، ایف بی علی کیس میں جن افراد پر کیس چلایا گیا وہ ریٹائرڈ تھے،جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کنٹونمنٹ میں اگر کسی سپاہی کا سویلین کیساتھ اختلاف ہو جائے تو کیس کہاں جائے گا؟۔

خواجہ حارث نے کہا اختلاف الگ بات ہے ،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا ملٹری ٹرائل کے معاملے کو بہت وسعت دی جا رہی ہے،خواجہ حارث نے کہازمانہ امن میں بھی ملٹری امور میں مداخلت کرنے پر سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہی چلے گا،جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا آخر کوئی ماسٹر مائنڈ بھی ہوگا، سازش کس نے کی؟وکیل وزارت دفاع نے جواب دیا سازش کرنے والے یا ماسٹر مائنڈ کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹ میں ہی ہوگا، سویلینز کا ٹرائل اچانک نہیں ہورہا، 1967 سے قانون موجود ہے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا خواجہ صاحب آپ وزارت دفاع کے وکیل ہیں اہم سوال کا جواب دیں، کیا 9مئی واقعات میں کسی فوجی افسر کے ملوث ہونے پر ٹرائل ہوا؟ 9 مئی کو کیسے لوگ بغیر ہتھیاروں کے کورکمانڈر ہاوس پہنچے ؟ لوگوں کا کورکمانڈر ہاو¿س کے اندر جانا تو سکیورٹی ناکامی ہے،خواجہ حارث نے جواب دیا مظاہرین پر الزام املاک کو نقصان پہنچانے کا ہے، 9 مئی کے واقعہ میں کسی فوجی افسر کا ٹرائل نہیں ہوا، جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس میں کہا ایف بی علی پر الزام ادارے کے اندر کچھ لوگوں سے ملی بھگت کا تھا، ادارے کے اندر سے کسی کی شراکت ثابت ہونا لازم ہے ادارہ افراد پر ہی مشتمل ہوتا ہے اندر کے افراد سے تعلق کا بتائیں، خواجہ صاحب میرا آپ سے ویسے تعلق ہے، تعلق کا ہونا آپ کے کسی کیس میں ہماری ملی بھگت بھی نہیں بن جائے گا، جو جرم سرزد ہوا اس میں کیا دونوں کا تعلق تھایا نہیں بتانا لازم ہو گا، بہت اہم نکتہ ہے نوٹ کر لیں۔

خواجہ حارث نے کہا اگر میں کسی دفاع کے ادارے سے جا کر بندوق چرا لوں تو اس کا بھی ٹرائل وہیں ہو گا ،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا چوری میں پھر اندر سے کیا تعلق ثابت ہو گا؟ جس بندوق سے سپاہی نے جنگ لڑنا تھی وہ چوری کر لینا اس کو کام سے روکناہی ہے،جسٹس علی مظہر نے ا ستفسار کیا پھر بتائیں بندوق چوری کی ایف آئی آر کہاں ہو گی؟ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس میں کہا 9 مئی کو کئی لوگ تو ویسے ہی چلے جا رہے تھے کچھ پتہ نہیں تھا کہاں جا رہے ہیں،وکیل وزارت دفاع نے کہا تمام لوگوں کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں چلا، میں ملزموں کی تفصیل پیش کروں گا،بعدازاں عدالت عظمیٰ نے سماعت ملتوی کردی۔