بھل صفائی یقینی بنانے کیساتھ ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے،کمشنر ساہیوال

ساہیوال: (بےورورپورٹ)ساہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت156منصوبوں اور چیف منسٹر سوشل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت357منصوبوں پر کام جاری ہے جن پر مالیت کا کل تخمینہ بالترتیب 76ارب51کروڑ روپے اور 7ارب 24کروڑ روپے لگایا گیا ہے، منصوبوں کا تعلق تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، مراکز صحت میں ضروری سہولیات اور کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر کی فراہمی شامل ہے، ترقیاتی سکیموں پر جاری کام کا جائزہ لینے کےلئے خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔

کمشنر نے افسران کو ہدایت کی جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ، انہوں نے محکمہ انہار کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ شہروں سے گزرنے والے راجباہوں کی بھل صفائی یقینی بنائیں،شعیب اقبال سید نے ڈویژن بھر میں جاری بنیادی مراکز صحت کی تزئین و آرائش اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنکل عمران خان نے بتایا سالانہ ترقیاتی پروگرام2024-25کے تحت ڈویژن میں 60نئی سکیموں پر کام جاری ہے جن کی لاگت کا تخمینہ39ارب 5کروڑ80لاکھ روپے لگایا گیا ہے جن میں سے اب تک6ارب 41کروڑ40لاکھ روپے جاری کئے جاچکے ہیں، 21سکیمیں ضلع ساہیوال، 26ضلع اوکاڑہ اور13ضلع پاک پتن سے متعلق ہیں۔

مزید برآں ضلع کونسل ہال میں ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے ادب میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر ممتاز شخصیات پروفیسر ارجمند احمد قریشی، واصف سجاد اور علی رضا کو مجید امجد ادبی ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکمشنر شعیب اقبال سید نے کہا ادب سے جڑے لوگ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے،ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ساہیوال آرٹس کونسل کا کردار قابل ستائش ہے جس کے پلیٹ فارم سے ریگولر تقریبات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، مجید امجد ادبی ایوارڈ کونسل کی ادبی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے عزم کا ثبوت ہے،تقریب میں سابق ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن ساہیوال شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر انفارمیشن عقیل اشفاق، ڈائریریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، پروفیسر ریاض حسین زیدی، پروفیسر منیر ابن رزمی، ڈاکٹر افتخار شفیع، رانا حماد افضل، عاصم سلیم، اکرم ناصر سمیت ممتاز ادبی شخصیات، فنکاروں اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کمشنر نے کہا ساہیوال کا ادب اور ثقافت علاقے کا ایک قیمتی ورثہ ہے اور ایسے پروگرامز نوجوان نسل کو اپنے تہذیبی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے ساہیوال آرٹس کونسل کی ادب کے فروغ کےلئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کونسل ادیبوں اور شاعروں کو اپنے کام کی نمائش اور وسیع تر سامعین سے رابطہ قائم کرنے کےلئے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے،شعیب اقبال سید نے کہا تقریب نے ابھرتے ہوئے ادیبوں اور شاعروں کو ادب کےلئے اپنے شوق کو آگے بڑھانے اور خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کہا تقریبات سماج کی فکری تربیت اور اجتماعیت کو فروغ دینے میں بہت اہمیت کی حامل ہیں،ایوارڈ سے زیادہ اعتراف اور احترام کو رواج دینے کی کاوش ہے۔