ملک کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے‘ عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ملک کےخلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں ، این آر او نہیں ملتے،نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے روشن مستقبل چاہیے یا شیطانی سوچ والے شخص کے اقتدار کی ہوس کا ایندھن بننا ہے،2014 ءسے جاری گھٹیا مہم کے باوجود مریم نواز ہر گزرتے دن کےساتھ مقبول اور طاقتور ہو رہی ہیں۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاشیطانی سوچ والے شخص اور مخصوص جماعت کی جانب سے نوجوانوں کی برین واشنگ کی گئی، 9مئی ،26نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب قوم کے بچوں کو الیکٹرک بائیکس کے بعد سکالر شپ دے رہی ہیں، کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے توکیچڑ اچھال رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاچور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہونے والے قوم کے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں ہی تھماتے ہیں، ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے۔