عمران خان کی رہائی کےلئے کہیں سے دباﺅ نہیں،مشیر وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاہے عمران خان کی رہائی کےلئے کہیں سے دباﺅ نہیں ،سپیکر ایاز صادق کے بیرون ملک جانے کی وجہ سے مذاکرات میں تعطل آیا ، امید ہے واپسی کے بعد دوبارہ بات چیت ہوگی،پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے دوسری ملاقات بھی ہوجائےگی، بانی پی ٹی آئی کو بنی گالہ منتقل کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی،190 ملین پاونڈ ریفرنس کے فیصلے کو مذاکراتی عمل سے جوڑنا درست نہیں، پی ٹی آئی کےساتھ طے ہے کیس کا کوئی بھی فیصلہ بات چیت کے عمل کو متاثر نہیں کرےگا، پی پی ہر فیصلے میں آن بورڈ،بیانات سیاسی ہےں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہامذاکرات کے پہلے دور میں ہی پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا تھا مطالبات تحریری طور پر دے دیں لیکن باتوں سے لگتا نہیں ایسا کریں گے،علیمہ خان کی علی امین گنڈاپور اور شیر افضل مروت کے حوالے سے گفتگو غور طلب ہے ،علیمہ خان کہہ چکی ہیں عمران خان کو جیل میں زہر دینے کی کوشش کی گئی، عمران خان کے اردگرد لوگ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، کوئی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔

مشیر وزیراعظم نے کہاپی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر بڑی سیاسی جماعت ہیں، عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولتیں میسر ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ریاست اور اداروں پر موقف سب کے سامنے ہے،پی ٹی آئی نے ہمیشہ سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف مہم چلائی، 26 نومبر کو فلسطین کے شہدا کی تصاویر لگا کر پروپیگنڈا کیا گیا لیکن کسی ایک شخص نے بھی کسی عدالت میں کوئی درخواست نہیں دی، پی ٹی آئی کے لوگ آپس میں بھی لڑرہے ہیں اور اداروں سے بھی لڑائی ہے جس جماعت کے لوگ اس طرح کی سازشیں کریں ان سے کیا توقع کی جا سکتی ہے،پی ٹی آئی چاہتی ہے ملک میں سیاسی عدم استحکام رہے اور پاکستان معاشی طور پر ترقی نہ کرسکے لیکن ملک ضرور آگے بڑھے گا۔