راولپنڈی:(بیورورپورٹ)جی ایچ کیو حملہ کیس میںایک اور ملزم پر فرد جرم عائد، عثمان ڈار کو بیرون ملک جانے کی اجازت،عدالت نے عمران خان کے طبی معائنے ،بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کرلی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ،کیس کے دیگرملزم بھی پیش ہوئے،عدالت نے ایک اور ملزم شہیر سکندر پر فرد جرم عائد کردی اورغیر حاضر ملزم عاصم کا ٹرائل الگ کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے شہادت طلب کر لی۔
پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمے کی روزانہ سماعت کی استدعا منظورکرتے ہوئے 13 جنوری سے مقدمے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم بھی دےدیا، 13 جنوری کو استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے اور میڈیکل چیک اپ کی درخواست منظور کرلی اورنامزد ملزم عثمان ڈار کو13 جنوری سے 21 فروری تک بیرون ملک جانے کی اجازت دےدی۔
دوسری جانب توشہ خانہ کیس ٹو میں گواہ ڈپٹی ڈائریکٹر پروٹوکول طلعت محمود کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا،اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت کے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ کیس ٹو پر سماعت کی،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ پیش ہوئے،عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے 2گواہوں قیصر محمود اور شفقت کو بیان کےلئے طلب کر لیا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد



















