بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیریوں سے کئے وعدوں پر عملدرآمد نہ ہوسکا: مقررین

لاہور (سٹاف رپورٹر) کشمیر سنٹر لاہور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ5 جنوری 1949ءکو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کمیشن برائے پاک وہند کے پلیٹ فارم سے کشمیریوں کو بنیادی حق، حق خودارادیت دینے کیلئے قرارداد منظور کی گئی تھی،جسے پاکستان اور بھارت دونوں نے تسلیم کررکھا ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیریوں سے کئے گئے وعدے پر عملدرآمد نہیں ہوسکا، مقبوضہ کشمیر کے لوگ آج بھی بھارتی سنگینوں کے سائے تلے بے مثال جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اپنے پیدائشی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تقریب سے نائب صدرمسلم لیگ (ن) آزادکشمیر سیدنصیب اللہ گردیزی، سینئر رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئر مشتاق محمود، سینئر رہنما پیپلز پارٹی غلام عباس میر، انچاج سنٹرانعام الحسن،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر مرزا صادق جرال،صدر جمعیت اتحاد العلماءلاہور احسان اللہ تبسم، صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر لاہور فاروق آزاد، شہزاد نازکی، علامہ فدا الرحمان، عبدالمجید بٹ، قاضی انوار، نوید ملک، مقبول اعوان و دیگرنے خطاب کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بارہا اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اعادہ کیا، مسئلہ کشمیر کا واحد، دیرپا اور مستقل حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے سے ہی ممکن ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پس پشت ڈالا اورمسئلہ کشمیر کے حل میں ہمیشہ رکاوٹ ڈالی اور مقبوضہ علاقہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کررکھا ہے۔کشمیر کے عوام پچھلے 75سال سے قبضے کے خلاف اور آزادی کے حصول کیلئے آزادی کی تحریک میں مصروف ہیں۔ کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر آزادی کی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا ازلی اور ابدی حق ہے جس کے حصول کیلئے انہیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ بھارت کی بربادی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔مقررین نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اورپیدائشی حق ہے، جس کے حصول کیلئے لاکھوں افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔