مذاکرات اب تک نشستاً،گفتاً،برخاستاً تک محدود ہیں، خواجہ آصف


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بات چیت کا مقصد سیاسی تناو کو کم کرنا ہے،پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کوئی دباو نہیں ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا مذاکرات میں اب تک کوئی حوصلہ افزا پیشرفت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کو ایک ہفتے کاوقت دیاامکان ہے پیشرفت ہوجائے،مذاکرات کاعمل اب تک نشستاً،گفتاً،برخاستاً تک محدود ہے،پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومت پر قطعی کوئی دباو نہیں ،سیاسی تناو میں کمی کیلئے راستہ تلاش کررہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہااگر حکومت پر مذاکرات کیلئے دباو ہوتا توملکی معیشت ریکورنہ کرتی، معیشت کی ریکوری تناوکی فضا کے خاتمے کا ثبوت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری ہورہی ہے، معاشی انڈیکیٹرزحوصلہ افزاہیں ،سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 18ہزارکی ریکارڈ سطح عبورکرگئی ۔