اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ترجمان حکومتی مذاکراتی کمیٹی عرفان صدیقی نے کہاہے پی ٹی آئی نے مطالبات تحریری شکل میں پیش نہ کیے تو مذاکراتی عمل میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاپی ٹی آئی نے 23 دسمبر کو پہلی میٹنگ میں وعدہ کیا مطالبات تحریری شکل میں سامنے رکھے گی، ذکر مشترکہ اعلامیے میں بھی کیا گیا لیکن 2 جنوری کو مطالبات پیش نہیں کیے گئے، بتایا گیا پی ٹی آئی ٹیم کو عمران خان سے مشاورت اور رہنمائی کا ایک اور موقع فراہم کیا جائے تاکہ تحریری مطالبات کو حتمی شکل دے سکیں۔
ترجمان حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے کہابات مان لی لیکن تیسری میٹنگ میں بھی تحریری چارٹر آف ڈیمانڈز پیش نہیں کیا جاتا تو مذاکراتی عمل مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے،سیاسی قیدی ہونے کا تعلق کسی فرد کی شناخت سے نہیں جرم کی نوعیت پر ہے، میں سینٹ کا رکن ہوتے ہوئے کسی کو قتل کر دوں اور جیل میں ڈال دیا جاوں تو ہرگز سیاسی قیدی نہیں کہلاوں گا اس طرح کا استثنیٰ صدر مملکت کو بھی حاصل نہیں۔
عرفان صدیقی نے کہا پی ٹی آئی نے عمران خان و دیگر قیدیوں کی رہائی ،جوڈیشل کمیشن کے علاوہ بھی کچھ مطالبات کیے ،45لاپتہ افراد کاسراغ لگانا بھی شامل ہے،نام، پتہ، شناخت کاپوچھا تو بتایا گیا کوئی فہرست نہیں،آپ ہی بتائیں خود پی ٹی آئی جن کے نام اور اتے پتے نہیں جانتی حکومت ان کا سراغ کیسے لگائے؟پی ٹی آئی سے کوئی مطالبہ نہیں کیا،میری معلومات کے مطابق حکومت یا کسی اور ادارے کی طرف سے عمران خان کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ یا کہیں اور منتقل کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی نہ ہی متوازی یا پس پردہ کوئی اور مذاکراتی عمل چل رہا ہے، تیسری مذاکراتی میٹنگ کی تاریخ پی ٹی آئی دے گی۔
پی ٹی آئی تحریری مطالبات دے ورنہ مشکلات ہو سکتی ہیں، عرفان صدیقی



















