لاہور: (ا پنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور خودمختار ی کےلئے دن رات کام کر رہے ہیں،کوئی بھی بچہ، خواہ وہ کسی بھی معذوری کا شکار ہو، کسی بھی بنیادی حق سے محروم نہیں ہوگا۔
بصارت سے محروم سپیشل ہیروز کےلئے مخصوص ورلڈ بریل ڈے پر خصوصی اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا پنجاب میں جدید ترین بریل پریس کام کررہے ہیں،لاہور اور بہاولپور کے بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت بکس مہیا کی جا رہی ہیں، بریل پریس کی اپ گریڈیشن سے سپیشل افراد کو بین الاقوامی معیار کا تعلیمی مواد بکس مہیا کرنا ممکن ہے، بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کےلئے علم و شعور کی روشنی فراہم کرنے کاموثر ذریعہ ہے، رواں سال پنجاب بھر میں3ہزار سے زائد سپیشل بچوں کو انرول کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا بصارت سے محروم سٹوڈنٹس کو 15ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکیں،سپیشل طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں مہیا کیا جارہا ہے، سپیشل طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں، محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو بنیادی اصلاحات کرکے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، خصوصی تعلیم کے اداروں کو سہولتوں کی کمی پوری کرکے اپ گریڈ کررہے ہیں، سپیشل پرسن کے معاشی مسائل میں کمی لانے کیلئے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، سماعت سے محروم بچوں کو سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کےلئے معاون آلات فراہم کیے گئے ہیں، خصوصی افراد کو تعلیمی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید وسائل فراہم کریں گے۔
مریم نوازنے کہا پاکستان کے پہلے آٹزم سکول پر کام تیزی سے جاری، جلد مکمل ہو جائے گا، سپیشل ہیروز کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے،پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ہیروز ہیں انہوں نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کرم میں سرکاری گاڑیوںپرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہادہشتگردوں کی مذموم کارروائیوں سے قوم کے جذبے مانند نہیں پڑیں گے ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔
دہشتگردوں کی مذموم کارروائیوں سے قوم کے جذبے مانند نہیں پڑیں گے:مریم نواز



















