توشہ خانہ ٹو کیس، عمران کو بطور وزیراعظم ملنے والے تحائف کی فہرست عدالت پیش، ایف آئی اے کے تیسرے گواہ کا بیان ریکارڈ
راولپنڈی، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئی،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کیخلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ2 کیس کی سماعت ہوئی، سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ اجمند نے کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ عدالت کے رو برو پیش ہوئے، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور فیصل چودھری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں موجود تھے، دوران سماعت ایف آئی اے کے تیسرے گواہ آفیسر کیبنٹ ڈویژن بنیامین نے بیان ریکارڈ کرایا، بشریٰ کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائےگی،ا سی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے،گواہ کی جانب سے توشہ خانہ 2 کیس کے سلسلے میں عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 108تحائف کی فہرست عدالت پیش کر دی گئی، گواہ نے توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق 2رجسٹر اور پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت میں پیش کر دیا،بعد ازاں عدالت نے سابق وزیراعظم اور بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی،دوسری جانب پی ٹی آئی احتجاج میں عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست سماعت کےلئے مقرر کرلی گئی،ہائیکورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے احتجاج میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر تاجر تنظیم کے صدر کی توہین عدالت کی درخواست موسم سرما کی تعطیلات کے بعد 16 جنوری کو سماعت کےلئے مقرر کی ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اسد عزیز کی درخواست پر سماعت کریں گے۔



















