ماحولیاتی تبدیلی، سوموٹو اب نہیں لے سکتے، ٹرک کی بتی کے پیچھے لگے ہیں: جسٹس سید منصور علی شاہ

لاہور (کورٹ رپورٹر) جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے ماحولیاتی تبدیلی کے حل کےلئے ہم ٹرک کی بتی کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، اب سو موٹو نہیں لے سکتے، گزشتہ 7 سال میں موسمیاتی تبدیلیوں پر کوئی کام نہیں ہوا،لاہور میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور نے کہا 26 ویں آئینی ترمیم بھی کلائمیٹ فنانس جیسا بڑا ایشو ہے، عدالتیں سمجھتی ہیں کلائمیٹ فنانس کو بنیادی حق سمجھنا ہوگا، یہ انسان کا بنیادی حق ہے، نیچر فنانس پر غور کرنا ہوگا تاکہ آلودگی اور بائیو ڈائیورسٹی پر بھی کام ہو سکے، پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی ایمرجنسی کیلئے مربوط حکمت عملی بنانا ہوگی، 7 سال میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا، عدالتوں نے ہدایات جاری کیں لیکن گراو¿نڈ پر کچھ نہیں ہوا، کلائمیٹ فنانس ہی کلائمیٹ جسٹس ہے، کلائمیٹ ڈپلومیسی پر جلد کام کرنے کی ضرورت ہے، لگتا ہے حکومت کے پاس اتنے پیسے نہیں، پاکستان دنیا کا آٹھواں بڑا ملک ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہے، عدالتوں نے ہمیشہ موسمیاتی ایمرجنسی کے کیسز کو سنجیدہ لیا ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا فوڈ سکیورٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، واٹر سکیورٹی سمیت دیگر عوامل پر غور کرنے کی ضرورت ہے، اربن پلاننگ اور ایگریکلچرل پلاننگ پر بات کرنا ہوگی، کلائمیٹ جسٹس پر تحریک چلانا ہوگی، سیلاب اور گلیشیئرز کا پانی بننا بھی ماحولیاتی تبدیلی کا حصہ ہیں، پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے، 1999میں صنعت کے حوالے سے بڑے پیمانے پر قوانین بھی بنائے گئے، قوانین پر عمل کس نے کرنا ہے؟ حکومت کرے گی یا فنانس ادارے، معاملے پر عدالتوں میں بحث بھی ہوئی،جسٹس منصور نے کہا کلائمیٹ جسٹس کے حوالے سے ہم صرف شکایات ہی سن سکتے ہیں تاہم دنیا کی جانب دیکھ کر ہمیں ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنا ہے کہ ہماری زراعت کی منصوبہ بندی کیا ہے، دیگر معاملات زندگی کی منصوبہ بندی کیا ہے اس کےلئے ہم نے گزشتہ 7 برس میں کیا کیا ہے؟،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہمیں اپنے وسائل کو دیکھتے ہوئے پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کا ہر شہری اپنی ذے داری انجام دے اور ماحولیاتی تبدیلی کے مطابق خود کو تیار کرے، پاکستان کی لائف لائن کلائمیٹ فنانس ہے،فنانس کے باعث ہی کلائمیٹ جسٹس ممکن ہے،30 ارب ڈالر فوری طور پر سیلاب سے بچنے کےلئے چاہئیں۔