چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کے بیان کی تردید کر دی

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے بیان کی تردید کر دی۔ میڈیا کے ایک سوال علیمہ خان نے حکومت سے آپ کے مذاکرات کا ذکر کیا ہے؟جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرا 24 نومبر یا اس سے قبل کوئی رابطہ نہیں ہوا، حکومت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

بیرسٹر گوہر سے سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے وقت بھی بتایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے نہ تو رہائی سے متعلق کوئی بات کی نہ ذکر کیا، حکومت نے کبھی بھی بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کا وعدہ نہیں کیا۔ بیرسٹر گوہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھرنا ختم کرنے کے بدلے بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کی بات غلط ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ حکومت نے بیرسٹر گوہر کو کہا تھا کہ سنگجانی میں بیٹھ جائیں، بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ قافلے پہنچ گئے تو حکومت دباو کا شکار ہو گئی، لوگ احتجاج کیلئے آنا شروع ہوئے تو حکومت نےخوف زدہ ہو کر بیرسٹر گوہر کو بلایا تھا۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دباو¿ میں آ کر بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جیل بھجوایا، حکومت نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو 20 دن کے اندر رہا کر دیا جائیگا۔