راولپنڈی (بیورو رپورٹ) فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا بے لگام غیر اخلاقی آزادی اظہار رائے کی آڑ میں زہر اگلنے ، جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج بونے کے خاتمے کےلئے سخت قوانین وضوابط بنا کر عملدرآمد کرایاجائے، جعلی خبریں پھیلانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی ضرورت ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 2 روزہ 84 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی ،کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی،کانفرنس کے آغاز میں فورم نے شہدا کے ایصال و ثواب کےلئے فاتحہ خوانی ،ملکی امن و استحکام کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے جوانوں اور اسلام آباد میں حالیہ پرتشدد مظاہروں میں جام شہادت نوش کرنےوالے سکیورٹی اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،فورم نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیری عوام کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا،شرکا نے فلسطینی عوام کےساتھ اظہار یکجہتی ، غزہ میں جاری مظالم کی پر زور مذمت اورجارحیت کے خاتمے کےلئے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی حمایت کی،شرکا کو بیرونی و اندرونی خطرات کے تناظر میں موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی،فورم نے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کےلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ، انسداد دہشت گردی کےخلاف جاری آپریشنز کا جامع تجزیہ کیا، شرکا نے بلوچستان میں دہشت گردوں بالخصوص کالعدم بی ایل اے مجید بریگیڈ کےخلاف آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کےساتھ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے دشمن قوتوں کی ایما پر کام کرنےوالے دہشت گردوں، سہولت کاروں ،حوصلہ افزائی کرنےوالوں کو بے اثر کرنے کا عزم کیا،فورم نے پاک فوج کی دارالحکومت کی اہم سرکاری عمارتوں کومحفوظ بنانے ، قابل احترام غیر ملکی وفود کو دورہ پاکستان کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے اور قانونی تعیناتی کےخلاف کیے جانےوالے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا،شرکا نے کہا مربوط و پہلے سے تیار کردہ پروپیگنڈا بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ، مقصد عوام ، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے،بیرونی عناصر کی مدد سے کیے جانےوالے پروپیگنڈے کی تمام مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی،ضروری ہے حکومت بے لگام غیر اخلاقی آزادی اظہار رائے کی آڑ میں زہر اگلنے ، جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج بونے کے خاتمے کےلئے سخت قوانین وضوابط بنائے اورعملدرآمد کرائے،فورم نے مطالبہ کیا سیاسی ومالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اعلامیہ کے مطابق شرکا نے کہا پاک فوج ملک و قوم کی خدمت بغیر کسی تعصب و سیاسی وابستگی کے کرتی ہے اور تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ملکی حفاظت پر مامور رہے گی،ذاتی مفادات کے حصول کےلئے معصوم شہریوں کو ایک دوسرے کےخلاف کھڑا کرنے اور تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائےگا،فورم نے دہشت گردوں بالخصوص فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کےخلاف افغان سرزمین کے بے دریغ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاباہمی ترقی و فائدے کے حصول پر توجہ مرکوزکرنا دونوں پڑوسی اسلامی ممالک کے بہترین مفاد میں ہے،افغان عبوری حکومت اپنی سر زمین کا دہشت گردی کےلئے استعمال ہونے سے روکنے کےلئے واضح اقدامات کرے،شرکا نے اعادہ کیا دہشت گردی کےخلاف بہادری سے ڈٹے رہنے والے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام کی فلاح و بہبود کےلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی طرف سے شروع کی جانے والی تمام سماجی و اقتصادی ترقیاتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے،فور م نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، غیر قانونی سرگرمیوں کےخلاف کریک ڈاون اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے میں حکومتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا،کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے ملکی سلامتی و استحکام یقینی بنانے کےلئے درپیش کسی بھی قسم کی مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی اہمیت پر زور دیا۔
جعلی خبریں پھیلانے والوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس



















