راولپنڈی،اسلام آباد،فیصل آباد:(بیورورپورٹ)جی ایچ کیو حملہ کیس میںعمر ایوب کی بریت درخواست مسترد، عمران کی دہشتگردی دفعہ خارج کرنے کی درخواست پر وکلا کو دلائل پیش کرنے کا حکم ، جلاو گھیراو مقدمے میں پی ٹی آئی کے 16 رہنماوں پر فرد جرم عائد،اسلام آباد پولیس نے احتجاج مقدمے میں بشریٰ ،گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کےخلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں بریت درخواست پر سماعت کی،خصوصی عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کردی،پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا ملزم ہمراہی ملزموں کے اقبالی بیان میں نامزد ہے، فرد جرم سے قبل بریت استغاثہ کی شہادت کو متاثر کرسکتی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے ابھی مقدمہ ابتدائی مرحلے میں ہے ،بریت درخواست قبل از وقت ہے، ٹرائل اور شہادتیں پیش ہونے کے بعد صورتحال سامنے آئے گی تاہم بادی النظر میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں سنگین الزامات ہیں۔
دریں اثنا عدالت نے عمران خان کی دہشتگردی کی دفعہ خارج کرنے کی درخواست پر فریقین کے وکلا کو دلائل پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے احتجاج مقدمے میںبشریٰ،گنڈاپور سمیت 96 نامزد ملزموں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے،عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم ، شیر افضل مروت ،عالیہ حمزہ، سیمابیہ طاہر، شعیب شاہین ،علی بخاری بھی شامل ہیں،تھانہ کوہسار پولیس نے نامزد ملزموں کی گرفتاری کےلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دےدیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ڈی چوک مقدمے کےخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ،درخواست میں استدعا کی گئی تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ سے دہشتگردی کی دفعات کو نکالا جائے۔
مزید برآںفیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے جلاو گھیراو مقدمے میں پی ٹی آئی کے 16 رہنماوں پر فرد جرم عائد کردی،ایم این اے رائے حسن نواز، عبداللہ دمٹر، شیخ راشد شفیق ودیگر شامل ہیں،عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل و دیگر کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظو ر کرلی گئی ۔
جی ایچ کیو حملہ کیس، عمر ایوب کی بریت درخواست مسترد، احتجاج مقدمے میں بشریٰ ،گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری



















