اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اقلیتی نمائندوں کا الیکشن اقلیتوں تک محدود کرنے کی درخواست خارج،آئینی بنچ نے اکتوبر 2005کے زلزلہ متاثرین کیس میں حکومتوں سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی بنچ نے سماعت کی، آئینی بنچ نے ریمارکس دئیے بتایا جائے آباد کاری اور منصوبوں کی تاخیر کا ذمہ دار کون ہے،جسٹس حسن رضوی نے کہا 2005 کا زلزلہ آئے 19 سال گزر چکے اتنے عرصے میں بچے جوان اور جوان بوڑھے ہو چکے ہوں گے، بتائیں حکام نے متاثرین کی بحالی کےلئے اب تک کیا کام کیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر کےلئے جنگلات زمین کیوں الاٹ کی گئی، زلزلے سے جہاں گھر گر گئے وہیں دوبارہ تعمیر کر دیتے، حکومت تعمیرات کے چکر میں پڑنے کی بجائے متاثرین کو رقم دے دیتی، متاثرین کو رقم ملتی تواب تک اپنے گھر خود بنا چکے ہوتے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا زلزلہ متاثرین کی تباہیاں میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں، نشتن گفتن برخاستن سے زیادہ کچھ نہیں ہوا۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے زلزلہ متاثرین کی بحالی وفاق ،صوبے کے تعاون سے ہونی تھی، محکموں کی بیڈ گورننس و عدم تعاون سے متاثرین مشکلات جھیل رہے ہیں، بیڈ گورننس کی وجہ سے معاملات عدالتوں میں آتے ہیں، محکمے اپنا کام کریں تو عدالتوں میں کیسز نہ آئے،جسٹس علی مظہر نے کہا زلزلے سے کتنے لوگ متاثر ہوئے، متاثرین کےلئے اب تک کتنے گھر بنا لیے گئے، وفاقی و صوبائی حکومت کی زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کی پرفارمنس کیا ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے متاثرین کےلئے کتنے فنڈز آئے اور فنڈز میں کتنا کہاں پر خرچ ہوا، عدالتی سوالات پر جامع رپورٹ دی جائے۔
علاوہ ازیں کے آئینی بنچ نے جنگلات کی کٹائی کیس میں وفاقی صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی،آئینی بنچ نے رپورٹ میں پوچھا بتایا جائے جنگلات کے کتنے رقبہ پر قبضہ کیا گیا اور کتنے پر قبضہ واگزار کرایا گیا، جنگلات کی کٹائی روکنے کیلئے کیا اقدامات اور ذمہ داروں کےخلاف کیا ایکشن لیا گیا، جنگلات کی زمین کسی دوسرے مقصد کےلئے الاٹ نہیں ہو سکتی۔
دریں اثنا آئینی بنچ نے وفاقی حکومت سے بدین میں نئی گج ڈیم منصوبے میں تاخیر اورلاگت پررپورٹ طلب کرلی ،جسٹس جمال خان مندوخیل نے دریافت کیا نئی گج ڈیم منصوبہ اب تک مکمل کیوں نہیں ہوا،کنسٹرکشن کنسورشیم کے وکیل نے کہاطے کردہ فنڈز جاری نہیں کیے جا رہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہاحکومت اپنا کام کیوں نہیں کررہی، حکومت اپنا کام نہیں کرتی جس کی وجہ ہم پر بوجھ آتا ہے،ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا فنڈز ہوں تو منصوبہ بروقت مکمل ہوسکتا ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا منصوبہ تو 2سال میں مکمل ہونا تھا، کنسٹرکشن کنسورشیم کے وکیل نے کہا30 ارب مالیت کے منصوبے کی لاگت اب 100 ارب تک پہنچ جائے گی،منصوبے کا تیسری مرتبہ پلان مرتب کیا جا رہا ہے، جتنے فنڈز ملے اس سے زیادہ کام کردیا، سیلاب کی وجہ سے منصوبے میں تاخیر ہوئی،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا معاہدے پر عمل نہیں ہوتا پھر نئے ریٹس مانگے جاتے ہیں، عدالت کو مشاورت کے بعد منصوبے کی حتمی تاریخ اور بجٹ تفصیل فراہم کریں۔
حکومت زلزلہ متاثرین کورقم دے دیتی تو خود گھر بنا چکے ہوتے،آئینی بنچ



















