برادر ملک کےخلاف زہر اگلنا ناقابل معافی،پاک سعودیہ دوستی میں رکاوٹ بننے والا ہاتھ توڑ دینگے:وزیراعظم

تونسہ بیراج،کوٹ ادو:(نمائندہ مشرق)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی پاکستان کےلئے غیرمشروط مالی و سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے دوٹوک کہا ہے برادر ملک کےخلاف زہر اگلنا ناقابل معافی جرم ہے،پاک سعودیہ دوستی میں رکاوٹ بننے والا ہاتھ توڑ دینگے، دیرینہ دوست کےخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرکے کسی کو ملکی مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، سیاست کےلئے نفرتوں کے بیج بونے اور ملکی مفاد داﺅ پر لگا کر سیاسی مفاد حاصل کرنے سے گریز کیا جائے، عوام کی ترقی و خوشحالی کےلئے متحد ہو کر ملک دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

تونسہ میں کچھی کینال منصوبے کے بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا سعودی عرب پاکستان کا ایسا دوست و برادر ملک جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، ہر دور اور حکومت میں سعودی عرب نے بلاتفریق عوام ،حکومت کی مالی، اقتصادی اور سفارتی مدد کی ، ہمیشہ عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑا ، ہر محاذ پر پاکستان کی بے مثال مدد کی گئی، بدلے میں 77 سال میں کوئی مطالبہ یا سیاسی عزائم نہیں رکھے، ہمیشہ غیرمشروط طور پر بھائیوں کی طرح ساتھ دیا،گزشتہ روز سعودی عرب پردیئے جانے والے بیان سے زیادہ پاکستان دشمنی کوئی نہیں ہو سکتی، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کےلئے اپنے دروازے کھلے رکھے ،حالیہ دورے میںخطیر سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے۔

شہبازشریف نے کہاسعودی عرب کی تحسین اور اچھے جذبات کی بجائے زہر آلود بیانات دیئے جا رہے ہیں، مخالفین کونقصانات کا اندازہ نہیں ، پاکستان جب ایٹمی طاقت بنا تو عالمی پابندیوں کے باوجود سعودی عرب نے مفت تیل دیا ، مشرف کے دور میں بھی سلسلہ جاری رہا، آئی ایم ایف سے بیل آﺅٹ پیکیج سعودی عرب کی وجہ سے ملا۔

وزیراعظم نے کہاپاک سعودیہ دوستی میں رکاوٹ بننے والا ہاتھ توڑ دینگے،پاکستان کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، عوام کی ترقی و خوشحالی کےلئے متحد ہو کر ملک دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، کچھی کینال منصوبے کی بحالی سے بلوچستان کے متاثرہ علاقے کو دوبارہ نئی زندگی ملے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی کا آغاز 1998 میں نواز شریف کے دور میں ہوا، مشرف دور میں بغیر ٹینڈر منصوبہ ٹھیکیداروں کے حوالے کرکے بے دردی سے غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا۔

شہبازشریف نے کہا2018 میں نواز شریف دور میں منصوبے کی تکمیل ہوئی اب تک 100 ارب خرچ ہو چکے ،منصوبے کے اصل محسن نواز شریف ہیں،2022 کے سیلاب میں کچھی کینال کو بے پناہ نقصان پہنچا،منصوبے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل اصل چیلنج ہے،ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب اور بلوچستان نوجوان،باصلاحیت اوراپنے صوبوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کےلئے کوشاں ہیں، پنجاب میں کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹرز کی تقسیم بڑی خدمت ہے، زرعی شعبے میں انقلاب آئے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیم و صحت پر بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے،محنت کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔

قبل ازیں شہباز شریف نے تونسہ بیراج کے مقام سے نکالی گئی کچھی کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصوں کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے خطاب کرتے ہوئے کہاعوام اب دھرنوں اور لانگ مارچ کی کال پر کان نہیں دھریں گے،جب پاکستان ترقی کی راہ پر جا رہا ہوتا ہے تو یہ لوگ کیوں آجاتے ہیںجس دل میں وطن کی محبت ہو وہ ایسے کام نہیں کر سکتا،پی ٹی آئی کاایجنڈا بہت خطرناک اور سمجھ سے باہر ہے،صوبوں کو جوڑنا چاہیے ،پاکستان پر بے یقینی کی گرد ہٹ رہی اور ترقی کی راہ گامزن ہے، کے پی کی حکومت وفاق اور پنجاب پر حملہ آور ہوتی ہے، اب ایک اور حملے کےلئے تیار بیٹھی ہے۔

مریم نواز نے کہابشریٰ نے محسن و قابل اعتماد دوست ملک پر حملہ کیا،پاکستان کے بدخواہ آئے روز دھرنے ،جلوسوں سے ترقی کے راستے کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں،پاکستان سٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھوتے ہوئے97ہزار پوائنٹس پرجاپہنچی،مہنگائی 38سے کم ہو کر 7فیصد پر آگئی ،مہنگائی کے جن کو قابو کرنا آسان کام نہیں ،نواز شریف کا ویژن اور وزیراعظم شہباز شریف کی محنت سے ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہامہنگائی کم ہونے سے لوگوں کی زندگی میں آسانی و خوشحالی آرہی ہے،پاکستان کے بد خواہوں اور خوشحالی کے دشمنوں کو عوام کی ترقی برداشت نہیں ،دھرنے اور احتجاج مکمل ناکام ہو چکے ،کچھی کینال نہ صرف پنجاب اور بلوچستان کو ملاتی ہے بلکہ 2 صوبوں کے لوگوں کے دلوں کو آپس میں جوڑتی ہے،وزیر اعظم شہباز شریف دن رات کوشش کر کے بجلی کی قیمتوں کو بھی کم کر رہے ہیں ،حسن اتفاق ہے ملک میں جب بھی ترقی ہوتی ن لیگ کادور ہوتا ہے، چاروں صوبے قریب آنے لگتے ہیں،دن رات کام کرنے سے شہباز سپیڈ وجود میں آتی ہے،وزیراعظم شہباز شریف نہ صرف معاشی اشاریوں کو بہتر کر رہے ہیں بلکہ خارجہ پالیسی کو بھی از سر نو استوار کر رہے ہیں ،4سالوں میں پاکستان کے دوستوں کو دشمن بنایا گیا اب دوستوں کو دوبارہ اعتماد میں لیا جا رہا ہے،شنگھائی کانفرنس کے مناظر پاکستانیوں نے کئی دہائیوں بعد دیکھے ،شہباز شریف نے ملکی وقار اور عزت میں اضافہ کیا، نادانوں کو پتہ نہیںدوست ملک پر حملے سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچے گا۔

مریم نواز نے کہاپنجاب پولیس کو حکم دیا کے پی سے آنے والے لوگوں پر گولی نہ چلائی جائے یہ بھی اپنے لوگ ہیں،جب ایک صوبہ دوسرے صوبے پر حملہ کرے گا تو کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا،پہلے کہتے تھے امریکہ نے نکالا اب جلسوں میں امریکہ کے جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں ،بتانا چاہتی ہوں آپ کو کسی نے نہیں ،پاکستان کی پارلیمنٹ نے نکالاآپ تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کو آئینی طور پر نکالا گیا،پارلیمنٹ نے نکالا تو ملک پر حملے شروع کر دئیے اور 9مئی جیسا گھناﺅنا حملہ کیا،جلسے جلوس کرنا سیاسی جماعت کا حق ہے،احتجاج کی آڑ میں جلا گھیراﺅ ،آگ لگانے اور معاشی ترقی کے سفر کو روکنے کی اجازت نہیں دینگے،پاکستان کی ترقی و خوشحالی نواز شریف کا خواب ہے اور خواب کی تکمیل میں ہر قدم اٹھائیں گے۔