اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کاپہلا ازخود نوٹس، لاپتہ بچوں کے کیس میں آئندہ سماعت پر رپورٹ،تمام آئی جیز، سیکرٹریز داخلہ کو طلب کرلیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں6 رکنی لارجر بنچ نے لاپتہ بچوں کے معاملے پر سماعت کی، جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دئیے کوئٹہ میں 6 دن سے اغوا بچہ نہیں ڈھونڈا جا رہا، احتجاج سے پورا کوئٹہ جام ہو چکا لیکن حکومت کو پروا نہیں،2018 سے کیس چل رہا ہے اب تک بچے اغوا ہو رہے ہیں، ہر دوسرا مقدمہ بچوں کے اغوا کا آتا ہے، سپریم کورٹ نے بچوں کے اغوا پر کمیٹی بنائی جس نے آج تک کام نہیں کیا۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کے پی کی رپورٹ میں ہر چیز پر دھول جھونکی گئی، ہر طرف سے بارڈر کھلا ہے تو کیا ایسی گڈ رپورٹ ممکن ہے، قانون کی عملداری یقینی بنائیں،جسٹس امین الدین خان نے ہدایت کی کتنے بچے اغوا ہوئے کتنے بازیاب تفصیلی رپورٹ دیں،جسٹس مندوخیل نے کہا ایف سی پر اربوں خرچ ہوتے ہیں انکا سوشل ویلفیئر میں کیا کردار ہے؟۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کراچی میں بچے ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگتے ہیں، سربراہ آئینی بنچ جسٹس امین الدین خان نے کہا بھکاری بھیجنے میں تو اب ہم انٹر نیشنل ہو چکے ہیں، بیرون ملک بھکاریوں کا جانا کتنے شرم کی بات ہے،آئینی بنچ نے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔
مزید برآں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے آڈیوز لیک کمیشن پر وفاقی حکومت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایت لے کر آگاہ کرنے کا حکم دےدیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالت کی اتھارٹی کو انڈر مائین نہیں ہونے دیں گے،آئینی بنچ نے آڈیوز لیک کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک کےلئے ملتوی کر دی۔
علاوہ ازیں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے سید مراد علی شاہ کےخلاف نااہلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی۔
حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے معاملے پرنظرثانی کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیاگیا۔
آئینی بنچ نے خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں کی حالت زار پر لیے جانے والے از خود نوٹس پر سیکرٹری خزانہ کے پی، سیکرٹری ورکس اینڈ ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری تعلیم کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا
بنچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا جب تک مطمئن نہیں ہوں گے کیس نہیں نمٹا سکتے،آئینی بنچ نے کیس کی سماعت 2 ماہ تک ملتوی کر دی،ادھر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بنچ نے چیف جسٹس ہائیکورٹس کے اختیارات سے تجاوز سے متعلق کیس میں رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے ملک کی مرکزی شاہراوں پر ہیوی ٹریفک کے خلاف درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار عباس آفریدی نے دلائل میں کہا روزانہ 70 لوگ ٹریفک حادثات میں مرتے ہیں، جسٹس مسرت ہلالی نے کہا لوگ لٹک لٹک کر کیوں سفر کرتے ہیں،آئینی بنچ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست منظور کرلی جبکہ اٹارنی جنرل اور چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کر دئیے،آئینی بنچ نے این ایچ اے کو بھی نوٹس جاری کرتے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
پہلا ازخود نوٹس،بچے کے اغوا پر پورا صوبہ بند، حکومت کو فکر ہی نہیں،آئینی بنچ



















