لاہور (مرزا ندیم بیگ) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی کچھ جیلوں میں وارڈر ز کی کمی کے باعث ڈیوٹی کا مسئلہ، درپیش واچ اینڈ سٹاف کی ڈیوٹیاں تقسیم کرنے کے باوجود کوئی حل نہیں نکلا تو جس سیل اور بارک میں اسیران کی تعداد کم ہے ان کو دیگر بارک اور سیل میں شفٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی ہدائت پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال نے ایک مراسلہ سپرنٹنڈنٹس کو جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ہیڈ وارڈرز بطور سپروائزری سٹاف کی ڈیوٹی تمام جیلوں میں پہلے متعین کردہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق رہیں گی، وہ آٹھ گھنٹے یا چار گھنٹے کی شفٹ کے زمرے میں نہیں آتے وہ صرف وارڈر گارد پر لاگو ہے ،سپروائزری سٹاف مثلاً ہیڈ وارڈر ،چیف وارڈر،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر لاگو نہ ہے ،مذکورہ بالا سرکلر کے تحت صرف وارڈرز کی ڈیوٹی چار اور آٹھ گھنٹے ہے ،بعض جیلوں سے یہ مسئلہ بھی پیش کیا گیا ہے کہ وارڈر کی کمی کے باعث ڈیوٹیاں پوری کرنا دشوار ہے۔ اس سلسلے میں آپ کو ہدائت کی جاتی ہے کہ تمام سپرنٹنڈنٹ جیل پنجاب اپنی جیلوں میں تقسیم کردہ ڈیوٹی روسٹر کا ازسر نو جائزہ لیں اور جن بارکوں،سیل بلاک میں اسیران کی تعداد کم ہے ان کو دیگر بارکوں ،سیل بلال میں دوسرے اسیران کے ساتھ شفٹ کیا جائے اور غیر ضروری بیٹس ختم کی جائیں تاکہ وارڈرز کو آٹھ ،چار گھنٹوں کی ڈیوٹی کیلئے اہم بیٹس پر تعینات کیا جائے ،چار گھنٹے کیلئے تعینات کردہ وارڈرز کو آئندہ ماہ آٹھ گھنٹے کیلئے ڈیوٹی پر لگایا جائے اور جو یہ فرائض سرانجام دے چکے ہیں، ان وارڈرز کی آئندہ ماہ چار گھنٹے کی ڈیوٹی لگائی جائے تاکہ شفافیت،مساوات اور بہتری برقرار رکھی جا سکے،مذکورہ بالا ہدایات پر من وعن عملدرآمد کرتے ہوئے رپورٹ دفتر ہذا کو بھجوائی جائے، نیز مزید اگر کوئی مشکل درپیش آتی ہے تو دفتر میں قائم کردہ کمیٹی کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ اس کا تدارک فوری کیا جا سکے۔
مجرموں کو مختلف بارکوں اور سیلوں میں اکٹھے قید کرنے کا فیصلہ



















