اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور :(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران ، بشریٰ کی بریت درخواستیں مسترد کر دیں،اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں عمران،بشریٰ کی بریت درخواستوں پر سماعت ہوئی، سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا،سماعت کے دوران بشریٰ عدالت میں موجود نہیں تھیں،دونوں پر فرد جرم کیلئے18نومبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
دوسری جانب نیب نے توشہ خانہ ون کیس میں بانی پی ٹی آئی ، سابق خاتون اول کی سزا کالعدم قرار دینے اور کیس ریمانڈ بیک کرنے کی استدعا کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران، بشریٰ کی توشہ خانہ کیس ون میں سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت کی جس سلسلے میں نیب پراسیکیوٹر، عمران ، بشریٰ کے وکیل پیش ہوئے، دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے عدالت سے سابق وزیر اعظم ، بشریٰ کی سزا کالعدم قرار دے کر کیس ریمانڈ بیک کرنے کی استدعا کی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی ظفر کو عمران ،بشریٰ سے ہدایات لینے کےلئے وقت دےدیا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کےخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی ، وفاقی پولیس نے بتایا بانی پی ٹی آئی کےخلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے میں بھی 7 ایف آئی آرز درج ہیں۔
ڈی ایس پی نے کہا اگر عدالت کہے تو عبوری رپورٹ ابھی پیش کر سکتا ہوں تاہم حتمی رپورٹ بعد میں دی جائےگی،ایف آئی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا عمران کےخلاف ایف آئی اے میں 7 ایف آئی آرز اور انکوائریز درج ہیں جبکہ ڈی سی آفس میں کوئی انکوائری زیر التواءنہیں،عدالت نے مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔
مزید برآں پی ٹی آئی مخالف اقدامات پر عمران خان نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی، درخواست میں بانی پی ٹی آئی نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر جوڈیشل انکوائری کی استدعا کردی۔
دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزموں کیخلاف 9 مئی مقدمات کی کارروائی 21 نومبر تک ملتوی کردی ادھر علیمہ خان نے کہا ہے مریم نواز نے سب کو پکڑنے کی ہدایت کی، کیا 10 ہزار کارکنوں کو پکڑیں گے؟ ،عمران خان کا پیغام ہے تمام پی ٹی آئی کارکن 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں۔
توشہ خان کیس،عمران ، بشریٰ کی بریت درخواستیں مسترد،فرد جرم کیلئے تاریخ مقرر



















