تعلقات میں بہتری کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان آکر کھیلناچاہیے:نوازشریف

لندن: (مشرق نیوز)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے کہاہے بھارتی ٹیم کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے تاکہ اگر تعلقات کچھ خراب ہیں تو بہتر کیا جاسکے۔

لندن میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کےساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اچھے ہونے چاہئیں ، ماضی میں دونوں ممالک کے تعلقات اچھے تھے مگر اب مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے،پاکستان کے دوسرے ہمسایہ ممالک کےساتھ بھی تعلقات اچھے ہونے چاہئیں،نواز شریف نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر کہا بھارتی ٹیم کو پاکستان ضرور آنا چاہیے اگر تعلقات خراب ہیں تو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور لوگ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہالندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ افسوس ناک ہے ،ایک پارٹی نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھی، گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا ، تعاقب کرنا، ٹماٹر انڈے پھینکنا افسوسناک ہے اگر آپ کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو اچھے طریقے سے کریں، نوجوان لڑکوں کو لگایا گاڑیوں کے پیچھے بھاگو اور گندے نعرے لگاو،شہباز شریف معاشی بحالی کیلئے اچھے اقدامات کررہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی مسلسل نیچے آ رہی ہے۔