لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹماٹر اور پیاز کی کاشت میں اضافے کیلئے 3 ارب روپے کا میکانائزڈ فارمنگ پراجیکٹ لانے کا اعلان کر دیا،مریم نواز کی ہدایت پر ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کےلئے اقدامات جاری ہیں، خصوصی پروگرام میکانائزڈ فارمنگ کے ذریعے پنجاب میں 3 ارب روپے کا منفرد اور تاریخ کا پہلا پراجیکٹ لانے کا اعلان کیا گیا ہے، پروگرام کے تحت سبزیوں کی میکانائز فارمنگ کےلئے پلانٹر، پرونرز اور دیگر زرعی آلات پر 70فیصد سبسڈی دی جائے گی، پیاز اور ٹماٹر کی ویلیو ایڈیشن کےلئے پلپنگ یونٹ، ڈرائر اور گریڈرز کےلئے بھی 70فیصد سبسڈی ملے گی، لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع پیاز کی کاشت کےلئے منتخب کئے گئے ہیں جبکہ خوشاب، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کو ٹماٹر کی کاشت کےلئے منتخب کیا گیا ہے،میکانائزڈ فارمنگ کیلئے 6اضلاع میں 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کے فارمر انٹرپرائز گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فارمر گروپس کےلئے فارمرز فیلڈ سکول میں جدید زراعت اور سمارٹ طریقہ کاشت کے بارے میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائےگا، پنجاب ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کی لانچنگ پر 3ارب روپے لاگت آئےگی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا فارمر گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا، پنجاب کے کاشتکاروں کو خوشحال اور خوش دیکھنا میرا عزم ہے، پہلی مرتبہ پنجاب میں سبزیوں کی کاشت کےلئے باقاعدہ پراجیکٹ شروع کئے جا رہے ہیں، ٹماٹر اور پیاز عام آدمی کے استعمال کی چیز ہے، مہنگا بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے،گروپ اور میکانائزڈ فارمنگ سے نہ صرف پیداوار بڑھے گی بلکہ لاگت بھی کم ہو گی، عام آدمی کی آسانی اور خوشی کےلئے ہر اقدام کریں گے، پنجاب میں اشیائے خورونوش سب سے سستی میسر ہیں، دن رات مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے، ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کےلئے ہیلپ لائن 0800-17000قائم کی گئی ہے، خواہش مند کاشتکار ایگریکلچر فیس بک، ویب سائٹ یا ایگریکلچر اصلاح آبپاشی دفاتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں،دریں اثناءوزیر اعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا میں جائیداد کے تنازع پر 3 خواتین پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی ،مریم نواز نے کہا جائیداد کے تنازع پر خواتین پر تشدد افسوسناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے، خواتین اور بچے ریڈ لائن ہیں اور تشدد کے واقعات قطعاً برداشت نہیں۔
ٹماٹر، پیاز کی کاشت میں اضافے کیلئے میکانائزڈ فارمنگ کا اعلان، فارمر گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے منسلک کیا جائےگا: مریم نواز



















