فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ، آوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی، موٹر ویز کئی مقامات پر بند

لاہور، ملتان، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی (خبرنگار+ کورٹ رپورٹر+ بیورو رپورٹ) سموگ کم نہ ہوئی، فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا،پنجاب کے 4 اضلاع میں آﺅٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی اور مارکیٹس رات 8بجے بند ہوں گی، سموگ کےساتھ پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹرویز بند اور فلائٹ آپریشن متاثر ہے ، دھند کی وجہ سے ملک بھر میں 34پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار رہیں،ملتان فضائی آلودگی میں سر فہرست رہا جہاں اے کیو آئی950ریکارڈ کیا گیا جبکہ روجھان 710 ایئر کوالٹی انڈیکس کےساتھ دوسرے ،سیالکوٹ 583 کےساتھ تیسرے ،پنڈی بھٹیاں 573 کےساتھ چوتھے اور لاہور 532 اے کیو آر کےساتھ پانچویں نمبر پر رہا،پشاور کا اے کیو آئی 597، اسلام آباد کا254اور راولپنڈی کا اے کیو انڈیکس284 کو چھو گیا،سموگ کے باعث خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو گیا، ایک ہفتے میں لاہور کے5بڑے سرکاری ہسپتالوں میں35ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ، آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض بھی بڑھنے لگے ،دوسری جانب سی ٹی او لاہور نے 41 ایمرجنسی اینٹی سموگ سکواڈز تشکیل دےدیئے،کریک ڈاون کےلئے 12 ناکے بھی قائم کر دیئے گئے، اینٹی سموگ سکواڈز صرف اور صرف دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کارروائی کریں گے،ادھر دھند اور سموگ کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا،پنجاب کے تمام اضلاع میں سموگ سے نمٹنے کیلئے ایئر پیو ریفائرز لگائے جائیں گے جس کے حوالے سے ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،پنجاب کے تمام شاپنگ مالز کو ایئر پیو ریفائرز لگانے کی ہدایت کی گئی ہے،مزید برآں لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا ہے، دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیےحکم دیا تھا ان 2ماہ میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا اس پر عملدرآمد کیوں نہیں ہو رہا؟ تعلیمی ادارے بند ہیں، سب کچھ سامنے ہیں تو تعمیرات کیوں بند نہیں ہو رہی،عدالت نے مختلف محکموں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔