لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور نجی ہسپتال (مغل آئی) کے تعاون سے سنٹرل پولیس آفس میں جدید آئی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، پولیس ملازمین کی بڑی تعداد نے آنکھوں کے معائنے کروائے اور مختلف ٹیسٹ کرواتے ہوئے ماہرین سے ادویات بھی لیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی ای او (مغل آئی ہسپتال) ڈاکٹر کرنل (ریٹائرڈ) میاں اسد کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ میں موجود پروفیسر ڈاکٹر ریحان محی الدین شیخ اور ڈاکٹر جمیل سے علاج معالجے بارے دریافت کیا۔ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین اور ڈاکٹرز نے آئی جی پنجاب کو آئی کیمپ میں دستیاب سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے جس کے تمام اراکین کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین اور انکی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھاجائے اورمختلف عارضوں کا شکار ملازمین کو پولیس ویلفیئر فنڈ سے مالی امداد بھی فراہم کی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کو علاج معالجے کیلئے مزید 19 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے غازی کانسٹیبل عدیل جمیل کو طبی اخراجات کیلئے 4 لاکھ روپے جاری کئے گئے، سب انسپکٹر ناصر اقبال کی اہلیہ کو برین ٹیومر کے علاج کیلئے 3 لاکھ روپے دئیے گئے۔ سب انسپکٹر اجمل محمود کو بیٹی کے سپائنل کارڈ پرابلم کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے، کانسٹیبل محمد علی خالد کو اہلیہ کی میجر سرجری کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل شاہد اقبال اور جونیئر کلرک عظمی عرفان کو مختلف عارضوں کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، اے ایس آئی عباس حیدر اور ڈرائیور کانسٹیبل مزمل مشتاق کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، کانسٹیبل سیف اللہ اور طاہر محمود کو علاج معالجے کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ انکے اہلخانہ کے علاج معالجے میں بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، فورس اور ہیلتھ اور ایجوکیشن ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔
پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں : آئی جی پنجاب



















