تحریک انتشار کامقصد صرف این آر او ہے: عطاءتارڑ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے تحریک انتشار کامقصد صرف این آر او کا حصول ہے، خیبر پختونخوا میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، پرائمری سکولوں کے اساتذہ احتجاج کر رہے ہیں ،صوبے کی قیادت صرف احتجاجی سیاست میں مصروف ہے، معیشت کو مستحکم کرنے کے بعد اب ترقی کی جانب گامزن ہیں، وزیراعظم 10 نومبر کو عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کےلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے، وزیراعظم کوپ 29 اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا ریاض سمٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی، عرب و مسلم ممالک کے سربراہان ریاض میں اکٹھے ہو رہے ہیں تاکہ یک زبان ہوکر غزہ و فلسطین کے معاملے پر حکمت عملی بنائی جائے،جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا گیا، فلسطین کے میڈیکل طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاپاکستان میں سعودی عرب،آذربائیجان ، قطر اور متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری آرہی ہے،پی ٹی آئی کو کرپشن کا ہر سطح پر جواب دینا ہوگا، معیشت استحکام سے ترقی کی طرف گامزن،ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے،مہنگائی میں کمی آگئی ،ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔