اضافی بجلی کے استعمال پر26روپے یونٹ تک ریلیف،معیشت مضبوط ہوگی:وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اضافی بجلی کے استعمال پر 26روپے یونٹ تک ریلیف،وزیر اعظم نے ونٹر سہولت پیکیج کا اعلان کر دیا۔

شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیکیج کے تحت اضافی بجلی پر26.07یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائےگا، صارفین کو34 سے47فیصد تک بچت ہوگی، پیکیج موسم سرما کے3 ماہ دسمبر2024 سے فروری2025 کےلئے ہوگا،اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا،بجلی کی کمی میں لاگت سے زراعت، صنعت اور کاروبار و برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی، معیشت مضبوط ہوگی، بجلی کی کمی کے پیکیج پر وزیر توانائی اویس لغاری، سیکرٹری توانائی اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سب کچھ صرف میری وجہ سے نہیں بلکہ ٹیم ورک کی وجہ سے ممکن ہوا۔

وزیراعظم نے کہاسب ملکر ملک کو ترقی دینے کیلئے کوشاں ہیں، معاشی جکڑبندیوں کی وجہ سے معاشی طور پر آزاد نہیں مگر معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہے، ترقی کی شرح کو بڑھانے کیلئے پیکیج سے بہت فائدہ ہوگا،حکومت نے اخراجات پر بڑے پیمانے پر قدغن لگائی،ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے،انڈونمنٹ فنڈ سے لاکھوں طلبا کو وظائف،لیپ ٹاپ دیئے گئے، ملک میں مہنگائی میں کمی آرہی ہے، مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر 6.7 فیصد پر آ گئی،بینکوں کے قرضہ جات ایک سال پہلے 23 فیصد،آج 15فیصد پرآگئے ،شرح سود 15 فیصد پرآنے سے سرمایہ کاری بڑھے گی،شرح سودکم ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

شہبازشریف نے کہاسعودیہ،قطر کو ادب سے کہاآپ بھائی ہیں،سعودیہ اور قطر نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی، سعودیہ،قطر سے کہا میں کشکول نہیں لیکرآو¿ں گا،حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، پنجاب میں وسائل سے محروم طلبا کو آگے بڑھنے کےلئے مواقع دیئے جاتے ہیں،امید ہے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو گاپھرملک اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو گا اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3ماہ میں 8.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جس پر شکرگزار ہوں، عہد کرنا ہو گا محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے۔

یوم اقبال کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا علامہ اقبال کے فلسفے اورخودی کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، مفکر پاکستان کی شاعری میں قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام ہے، ایران، ترکیہ مشرق وسطیٰ والے بھی اقبال کے کلام سے واقف ہیں، برصغیرسمیت عالمی سطح پر بھی اقبال کا کلام اثر رکھتا ہے۔

قبل ازیں پاکستان اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان ریلوے، کسٹمز، ایئرپورٹ انفرا سٹرکچر اور بحری امور سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کےلئے4 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ابوظہبی پورٹس کمپنی کےساتھ معاہدے کی تقریب وزیراعظم ہاو¿س میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی،تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر تجارت جام کمال، وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے،متحدہ عرب امارات کی نمائندگی وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزویدی، کاہیل گروپ کے چیئرمین احمد دلموک المکتوم اور ابوظہبی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن الشمیسی نے کی۔

اعلامیے کے مطابق کوہاٹ،تھر،کھرلاچی ریلوے لائن کی تعمیر کےلئے پاکستان ریلویز اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے سی ای او عامر علی بلوچ جبکہ ابوظہبی پورٹس گروپ کی جانب سے کیپٹن الشمیسی نے دستخط کیے،پاکستان کسٹمز میں اصلاحات کےلئے ایف بی آر اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس پر ایف بی آر کی طرف سے ممبر کسٹم اینڈ آپریشنز جنید جلیل خان نے اور ابو ظہبی پورٹس کی جانب سے کیپٹن الشمیسی نے دستخط کیے۔

شپنگ اور دیگر بحری امور میں تعاون پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور ابو ظہبی پورٹس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن خرم مرزا اور کیپٹن الشمیسی نے دستخط کیے،پاکستان میں ایئرپورٹس کی توسیع کےلئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان معاہدے پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی صادق الرحمان اور کیپٹن الشمیسی نے دستخط کیے۔

وزیراعظم شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات کے وزیر ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ،شہبازشریف نے کہا برادر ملک متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی،پاکستان اور یو اے ای تجارت، توانائی ، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں جامع اقتصادی شراکت داری سے ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں،یو اے ای کے وزیر مملکت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم سے وی آن (VEON) گروپ کے چیئرمین آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے کہا آئندہ 3 سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کےلئے پر عزم ہیں، حکومت ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کےلیءکوشاں ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کےلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کےلئے 5 جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، 5 جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے ویڑن کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وی آن کی سبسیڈئری ”جاز“ گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار کر رہا ہے، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالےسے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں،وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور گفتگو میں کہا پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ملک بن چکا ۔

شہباز شریف سے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھروزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کےخلاف ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ایک اور غیر معمولی میچ میں فتح پر مبارک ہو، جانتے تھے آپ یہ کر سکتے ہیں،وزیراعظم نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا آسٹریلیا کےخلاف متاثر کن فتح پر ہمیں اپنی کرکٹ ٹیم پر فخر ہے، کامیابی کے پیچھے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پوری ٹیم کی بہت بڑی کاوشیں ہیں، شہباز شریفنے کپتان رضوان کو ٹیم کی قیادت کےساتھ ساتھ میچ کے دوران 6 کیچ پکڑنے ، صائم ایوب کو 82 رنز بنانے اور حارث رﺅف کو 5 وکٹیں حاصل کرنے پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے کہا ہماری ٹیم کے حوصلے بلند ہیں،اپنے ملک کا نام روشن کرتے رہو

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف 10نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے،وزیر اعظم کا دورہ 2 روز پر محیط ہوگا، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر کانفرنس میں شرکت کرینگے،اجلاس میں فلسطین، لبنان سمیت خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اسلامی ممالک کے رہنماءمشرق وسطی کی صورتحال پر تجاویز دیں گے۔