نیویارک: (خواجہ فاروق) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کملا جیتے یا ٹرمپ سب برابر،ملکر کام کرنے کو تیار، تعلقات مستحکم بنائیں گے، ریاست کا ریاست سے تعلق ہوتا ہے جس کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، امید ہے آنیوالے دنوں میں پاکستان ،امریکہ کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ پر کام کررہے ہیں۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کسی قرارداد سے پاکستان میں تبدیلی نہیں آسکتی، امریکی کانگریس چاہے جتنی مرضی لے آئے ،پاکستان پر کوئی فرق نہیں پڑتا، امریکہ میں کچھ پاکستانی ایسے ہیں جن کا کوئی نظریہ نہیں، وہ ریاست کو نقصان پہنچاتے ہیں، امید ہے لندن طرز پر امریکہ میں کوئی ایسا احتجاج نہیں ہو گا۔
پاکستانی سفیر نے کہا امریکہ میں موجود سب پاکستانی ذمہ دار شہری اوراپنی ذمہ داریوں کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں، پاکستان کےلئے امریکہ میں موجود ہیں، کسی صورت ملکی وقار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے اگر قراردادوں سے پاکستان یا کسی بھی ملک پر اثر پڑتا تو پھر بہت کچھ ہوجاتا، پاک امریکہ تعلقات کا فروغ ،معاشی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا ترجیح ہے ،امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہے ،ملکر پاکستان کا نام روشن کرنے کےلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے۔
دریں اثنا امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سیر و سیاحت،پٹرولیم،ٹیکسٹائل، آئی ٹی،خوراک کی درآمدات جیسے اہم شعبوں سے وابستہ اہم پاکستانی نژاد کاروباری رہنماو¿ں سے ملاقات کی،دو طرفہ تجارت، امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کیا گیا،پاکستانی سفیر پاکستان نے تجاویز ،تحفظات کو سنا اور مکمل حمایت کا یقین دلایا،تجارت ،اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کےلئے سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع کی تلاش جاری رکھنے کی ترغیب دی۔
کملا جیتے یا ٹرمپ سب برابر،ملکر کام کرنے کو تیار، تعلقات مستحکم بنائیں گے:پاکستانی سفیر



















