جی ایچ کیو حملہ کیس: چالان کی نقول فراہم، عمران کا صحت جرم سے انکار

اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)جی ایچ کیو حملہ کیس میں چالان کی نقول فراہم، عمران خا ن نے صحت جرم سے انکار کردیا،سابق وزیراعظم عمران خان کو نقول فراہمی کےلئے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ اڈیالہ جیل آئے ، فرد جرم 8 نومبر کو عائد کی جائے گی،فرد جرم صحت سے انکار کرتے ہوئے عمران خان نے کہا میرا کیس سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ میں تو گرفتار تھا۔

دوسری جانب، شاہ محمود قریشی کو لاہور جیل ہونے کے باعث چالان کی نقول تقسیم نہ ہو سکیں جس کے باعث سابق وزیر خارجہ کو چالان کی نقول تقسیم کا معاملہ ٹل گیا،مزید ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔

قبل ازیں بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ کیخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں 35ویں سماعت پر بھی نیب کے آخری گواہ پر جرح مکمل نہ ہو سکی۔

ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ2 میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو پیر کو کیس کی سماعت مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 5 سال نااہلی کےخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کی مہلت دےدی،بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں 5 سال کی نااہلی کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل شہزاد شوکت عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی مہلت دےدی بعد ازاں عدالت عالیہ نے درخواستوں پر کارروائی غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کر دی۔

علاوہ ازیں خصوصی عدالت نے 5 اکتوبر کو احتجاج اور پولیس پر تشدد کیس میںعلیمہ،عظمیٰ خان کی 3 مقدمات میں 5،5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ سابق خاتون اول بشریٰ کی زمان پارک میں قیام کا دورانیہ بڑھ گیا،ذرائع کے مطابق بشریٰ مزید 2 سے 3 روز زمان پارک میں قیام کریں گی۔