اسرائیل کو جواب دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کرینگے: ایران، حملہ کرکے مقاصد حاصل کرلئے: اسرائیلی وزیراعظم
تہران، تل ابیب (مشرق نیوز) ایران نے اسرائیل کو حالیہ حملے کا جواب دینے کےلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کا اعلان کردیا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے ایک بیان میں کہا صیہونی حکومت کو یقینی اور مو¿ثر جواب دینے کےلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کریں گے، اسماعیل بقائی نے کہا ہمارے ردعمل کی نوعیت اسرائیلی حملے کی نوعیت پر منحصر ہے، ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا اسلامی جمہوریہ ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملے کو نہ تو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جانا چاہئے نہ ہی کم کیا جانا چاہیے،سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے کہا 2 دن پہلے کئے گئے صیہونی حکومت کے حملے کےلئے مبالغہ آرائی نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی اسے کم بتانا چاہیے،دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے جاں بحق ہونے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہماری جاں بحق ہونے والے فوجیوں نے بغیر کسی خوف کے سرزمین کے دفاع کےلئے کوشش کی،مزید برآں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ایران پر اسرائیل کا ہوائی حملہ عین درست اور طاقتور تھا اور اس نے اپنے تمام مقاصد حاصل کر لئے،نیتن یاہو نے کہا ایران نے سیکڑوں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا اور یہ ناکام ہو گیا، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا، فضائیہ نے ایران پر حملہ کیا اور ایران کی دفاعی صلاحیتوں اور میزائلوں کی پیداوار کو نشانہ بنایا۔



















