سرینگر،اسلام آباد،لاہور،پشاور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ،خبر نگار)مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ،ریلیاں،مظاہرے،ترنگے،مودی کے پتلے نذر آتش،اسلام آباد میں دفترخارجہ سے ڈی چوک تک مارچ، کے پی اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںنے یوم سیاہ منایا،مقصد بھارت ،عالمی برادری کو واضح پیغام دینا ہے کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور اپنے پیدائشی حق حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا اسلام آباد سمیت ملک بھر میںاحتجاجی مظاہر ے ،ریلیاں نکالی گئیں،وزارت امور کشمیر کی جانب سے احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا، کشمیریوں، عام شہریوں، سکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،شرکا نے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک مارچ کیا،کشمیر ، پاکستان کے جھنڈے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے،فضا بھارت مخالف نعروں سے گونجتی رہی،شہر شہر ہونے والے احتجاج میں،ترنگے،مودی کے پتلے بھی نذر آتش کیے گئے۔
ادھر اہل کشمیر کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ وزارت اطلاعات نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر نغمہ جاری کر دیا،نغمے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا گیا، عکس بندی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔
دوسری جانب صدرآصف زرداری،وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغامات میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کااعلان کیا،صدر آصف زرداری نے کہا 27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ میں سیاہ باب ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی افواج کا جبر برداشت کر رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عسکریت زدہ علاقے میں بدل دیا، اب تک ہزاروں بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ، قیادت پابند سلاسل ہے،جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں، دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی، بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے،عالمی برادری بھارت پر دباو¿ ڈالے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، پاکستان کشمیریوں کےساتھ حق خود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو نقصان پہنچانا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے، جابرانہ اقدامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت تڑپ کو کم نہیں کر سکتے،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حتمی حل تک کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی ہے،مسئلہ کشمیر کا واحد قابل قبول حل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری ہے،کشمیری منزل مقصود تک ضرور پہنچیں گے ،آزادی کا خواب تعبیر ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا مظلوم کشمیریوں کےلئے حمایت غیرمتزلزل رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتا ہوں،بنیادی حق کو کسی بھی ظلم وجبر سے چھینا نہیں جاسکتا، عالمی برادری کشمیر کا تصفیہ طلب بحران حل کرنے کےلئے بھرپور اقدامات کرے،خطے میں انصاف، امن اور آزادی کےلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
مزید برآں خیبر پختونخوا اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کےخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی،قرارداد میں کہا گیاعالمی برادری بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، ہندوستان کی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ،ریلیاں،مظاہرے،ترنگے نذر آتش



















