قیدی وینز پر حملہ ،82 ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)خصوصی عدالت نے سنگجانی پولیس قیدی وینز پر حملے اور ملزموں کو چھڑانے کے کیس میں 82 ملزموں کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کر دیا۔

کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، وکیل انصر کیانی نے موقف اپنایا فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق پولیس وینز پر حملے کی منصوبہ بندی عدالت میں پیشی کے دوران کی گئی، سوال ہے پولیس کو قیدی وینز موٹر وے چھوڑ کر جی ٹی روڈ پر لانے کا کس نے کہا؟ملزم 5 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،عدالت نے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے ڈسچارج ملزموں کو تو فوری چھوڑنا ہوتا ہے، پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا سازش بے نقاب کرنے، اسلحہ ریکوری، ویڈیوز کا تجزیہ کرانے کےلئے ملزموں کے ریمانڈ کی ضرورت ہے،بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزموں کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کر دیا۔