اشک آباد:(مشرق نیوز)صدرآصف زرداری کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن کےساتھ غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں صدور نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا،ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
دریں اثناصدر آصف زرداری نے ترکمانستان کی قیادت سے ون آن ون ملاقاتیں کیں،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ،تمام شعبوں بالخصوص تجارت ،دو طرفہ رابطہ مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آصف زرداری نے ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاکستان ،ترکمانستان کے درمیان مضبوط ،دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ ،خطے میں امن و خوشحالی کے مشترکہ ویژن پر مبنی ہیں۔
مزید برآں بین الاقوامی فورم سے خطاب میںصدر مملکت آصف زرداری نے خطے کے ممالک کے درمیان روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا بہتر علاقائی روابط سے ثقافتی و اقتصادی تعاون مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، پاکستان ،ترکمانستان کے درمیان بھائی چارے کا گہرا رشتہ باہمی احترام، عقیدے کی مشترکات سمیت بہتر و پرامن مستقبل کےلئے مشترکہ ویژن پر استوار ہے،کانفرنس میں میری شرکت دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہے، علاقائی ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، فورم خطے کے ممالک میں ثقافتی تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔
زرداری ،پیوٹن ملاقات، نیک خواہشات ،خوشگوار جملوں کا تبادلہ



















