5آئی پی پیزسے معاہدے ختم،خزانے کو411 ارب کی بچت ،بجلی سستی ہوگی:وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)5آئی پی پیزسے کئے جانے والے معاہدے باہمی رضا مندی سے ختم ،وفاقی کابینہ نے منظوری دےدی،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا آئی پی پیز نے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھا ،خزانے کو 411ارب کی بچت ،بجلی کے فی یونٹ نرخ میں خاطر خواہ کمی ہو گی،معاشی بہتری کےلئے تیزی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈاضافہ ہوا۔

کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا سہ ماہی ترسیلات زر 8ارب 80 کروڑ ڈالر سے تجاوزکرناریکارڈ ہے،عظیم پاکستانی تارکین وطن کاشکریہ اداکرتے ہیں جو دن رات محنت کر کے اپنے رزق حلال کی کمائی پاکستان بھیجتے ہیں،واضح ہوگیامعیشت آگے بڑھ رہی ،ابھی مزید سفر طے کرنا ہے ،ماضی کی طرح چیلنجز بھی آئیں گے،7ماہ میں چیلنجز کا ٹیم کے طورپر مقابلہ کرنے کاصلہ ملا،آئندہ بھی مشترکہ کاوشوں سے چیلنجز پر قابو پائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاعام آدمی نے مہنگائی ، مہنگی پالیسی شرح سود ، اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں اضافے سمیت بے پناہ مشکلات کاسامنا کیا،عوام نے تحمل و صبر سے مشکلات کاٹیں ابھی مشکلات ختم نہیں ہوئیںتاہم آہستہ آہستہ بہتری آرہی ہے،قربانیاں دینے پر قوم کے شکر گزار ہیں،موسم گرما میں 50 ارب سے 200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف دیا، پنجاب حکومت نے بھی 2 ماہ کےلئے بجلی کے بلز میں 50 ارب سے زائد کا ریلیف دیا، اقدامات سے اشارہ ملتا ہے وفاقی ،صوبائی حکومتیں عوام کو درپیش مسائل سے نہ صرف پوری طرح آگاہ بلکہ ریلیف دینے کےلئے بھی ضروری اقدامات اٹھا رہی ہیں۔

شہبازشریف نے کہاسیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بغیرکہوں گا ماضی میں سنگدل حکمران آیااور کہامہنگائی سے میراکا کوئی سروکار نہیں تاہم موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ حکومت ہے،درپیش مسائل کا ادراک ،حل کیلئے ملکر ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں،مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ،عارضی کےساتھ طویل المدتی ریلیف اقدامات کےلئے بھی کوشاں ہیں، بجلی چوری کی روک تھام ، لائن لاسز میں کمی اور آئی پی پیز سے معاہدے بڑے چیلنج ہیں،قائد نواز شریف بجلی کی قیمتوں میں کمی کےلئے بار بارہدایات دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا توانائی کی پوری ٹیم اور ٹاسک فورس اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے،قوم کو خوشخبری دینا چاہتے ہیں 5 آئی پی پیز نے باہمی رضامندی اور قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے معاہدے مکمل ختم کر دیئے، واجب الادا رقم پر سود نہیں دیا جائے گا،صارفین کو 60 ارب سالانہ کا ریلیف ملے گا، بجلی سستی،قومی خزانے کو411 ارب کی بچت ہو گی،بہتر اقدامات کی معاونت میں صدر مملکت آصف زرداری سمیت حلیف جماعتوں ،معاشی بہتری میں کردار پر آرمی چیف کا خصوصی شکریہ ادا کرتاہوں۔

شہبازشریف نے کہاامریکہ میں آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات کے دوران حساسیت سے آگاہ کیاتھا اگر بجلی کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہوں گی تو صنعت و زراعت ترقی نہیں کر سکتی اور نہ ہی برآمدات بڑھ سکتی ہیں،ٹیم آئی ایم ایف کے پاس جارہی ہے، وزیر خزانہ کے ساتھ وزیر توانائی ،خصوصی مشیر بھی جائیں گے اور آئی ایم ایف کو سارا کیس سمجھائیں گے،وزیر خزانہ کو پہلے ہی آئی ایم ایف نے کلیدی سپیکر کے طورپر مدعو کر رکھا ہے جو اعزاز ہے،

وزیر اعظم نے کہا وزیر خزانہ کی بے پناہ کوششوں اور چین ،سعودی عرب کے تعاون سے آئی ایم ایف پروگرام پرمعاہدہ ہوا،5آئی پی پیز سے معاہدے کو ختم کرنا بارش کا پہلا قطرہ ہے،آنےوالے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

دریں اثنا وفاقی کابینہ اعلامیے کے مطابق جن آئی پی پیز کے ساتھ کیپیسٹی چارجز کے معاہدے ختم کیے گئے ان میں HUBCO, LALPIR, Saba Power, Rousch Power اور Atlas Power شامل ہیں، معاہدے کی رو سے ملکیت حکومت کو منتقل کرنے کے بعدپرائیوٹائزیشن کمیشن کے ذریعے نجکاری کی جائے گی، باقی ماندہ 4 آئی پی پیز کی ملکیت مالکان کے پاس رہے گی

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ایئر پورٹ کی آﺅٹ سورسنگ کےلئے بولی دہندہ کی شکایت کا نوٹس لے لیا،بولی دہندہ نے شکایت کی ایئر پورٹ کی آﺅٹ سورسنگ کی بولی میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی،وزیراعظم نے معاملے کی تحقیقات کےلئے نائب وزیراعظم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دےدی،کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکرٹری وزارت تجارت اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شامل ہیں۔