پشاور:(بیورورپورٹ)کے پی میں امن کیلئے وفاقی،صوبائی حکومت ایک پیج پر،کالعدم تنظیم سے مذاکرات کااختیار وزیراعلیٰ کو سونپ دیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈ جرگہ ہوا ،وفاقی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی،گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی،مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی ،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر،ایمل ولی ، پروفیسر ابراہیم، محسن داوڑ، میاں افتخار ، علی شاہ باچا، سکندر شیرپاوودیگر بھی جرگے میں شریک رہے۔
افتتاحی خطاب میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہاجرگے میں شرکت کرنے اور مجھ پر اعتماد کیلئے سب کامشکور ہوں، سب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صوبے میں امن کےلئے جمع ہوئے،شہری چاہے تعلق عام عوام سے ہو یا فورسز سے جان و مال کا تحفظ ذمہ داری اور ترجیح ہے، امید ہے جرگے کے ذریعے درپیش مسئلے کے پر امن حل کےلئے راستہ نکالنے میں کامیاب ہوں گے،گنڈا پور نے کہاکسی بھی مسئلے کاحل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات سے ہی ممکن ہے،تمام سیاسی قائدین کی آرا،تجاویز کا بھر پور احترام کیا جائے گا۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا صوبے کا امن ترجیحات اور جرگے کا اکلوتا ایجنڈا ہے، صوبائی حکومت کا شکر گزار ہوں،مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں،ملکی آئین وقانون کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت ہونی چاہیے، متحد ہوکر صوبے کو امن دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا امن کےلئے تعاون کرنے کو تیار ہیں، آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے امن کےلئے آگے بڑھیں گے۔
ترجمان صوبائی حکومت نے اپنے بیان میں کہا صوبائی اسمبلی بشمول تمام سیاسی جماعتوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو جرگے کےلئے اختیارات سونپ دئیے،علی امین گنڈا پور نے ذمہ داری قبول کرلی، معاملے کے حل کےلئے مشاورت اور لائحہ عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔
بیرسٹر سیف نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی، وزیر اعلیٰ، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر خیبر پختونخوا اور صوبے کے تمام پارٹی سربراہوں کے درمیان مشاورت ہوئی، مشاورت کا مقصد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرنا ہے۔
دریں اثنا اندورنی کہانی کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر اقدامات اٹھانے پر اعتراضات عائد کیے،علی امین گنڈا پور نے کہاصوبے میں وفاق اقدامات خود اٹھاتا ،اعتماد میں نہیں لیا جاتا ،صوبے میں عوام کو جواب دہ میں ہوں،وفاق کی مداخلت پر بات بڑھنے پر امیر مقام نے مداخلت کرکے جرگے کے ایجنڈے پر معاملہ بڑھایا۔
کے پی میں گرینڈ جرگہ ،کالعدم تنظیم سے مذاکرات کااختیار گنڈا پور کے سپرد



















