ریسکیو 1122 بہترین ڈسپلن، منظم اداروں میں سے ایک ہے: سلمان رفیق
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز، خواجہ سلمان رفیق نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز اور موٹر بائیک ریسکیو سروس کے عملے کو کامیابی کے سات سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ موٹر بائیک ریسکیو سروس کی 7ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ریسکیو 1122بہترین نظم و ضبط والے اداروں میں سے ایک ہے۔انہوں نے ڈاکٹر رضوان نصیر اور انکی ٹیم کو ایئر ایمبولینس سروس اور پاک لائف سیور جیسے شاندار پروگرام کو ریکارڈ عرصے میں مکمل کرنے کے اقدام کوبھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف پنجاب کے لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کررہا ہے بلکہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی قومی سطح پر ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ استعدار کار کو بڑھاتے ہوئے اب تک ملک بھر کے 26,000 سے زائد ایمرجنسی پروفیشنلز کو تربیت دے چکی ہے جن میں دوسرے صوبوںکے بھائی بھی شامل ہیں جو ان صوبوں کے ایمرجنسی سسٹم میں کام کر رہے ہیں۔موٹربائیک ریسکیو سروس کے سات سال مکمل ہونے پر ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور میں ایک بروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز، خواجہ سلمان رفیق مہمان خصوصی تھے جبکہ بانی ایمرجنسی سروسز پاکستان،ڈاکٹر رضوان نصیرکے ساتھ ساتھ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرفواد شہزاد مرزا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لاہورشاہد وحید قمر،ڈپٹی ڈائریکٹرکمیونٹی سیفٹی اینڈ انفارمیشن ، دیبا شہناز اختر، ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد اورکثیر تعداد میں ریسکیورز اور موٹر بائیک ریسکیو سروس کے سٹاف نے شرکت کی ۔ موٹر بائیک ریسکیو سروس کی 7ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے موٹر بائیک ریسکیو سروس کے عملے کی خدمات کو سراہا جنہوں نے 26لاکھ سے زائد ایمرجنسیزمیں ٹریفک جام اور تنگ گلیوں والے علاقوں میں اوسطاً 4 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ ایمرجنسی سروسز فراہم کیں جو کہ بین الاقوامی سطح پر بھی کسی ریکارڈ سے کم نہیں۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے بہترین کارکردگی کے حامل موٹربائیک ریسکیوسروس کے سٹاف میں انعامات وتعریفی اسناد تقسیم کیں۔دریں اثناءوزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں لاہور یوتھ فیسٹیول کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھیں۔تقریب میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر علی مدیح ہاشمی، پروفیسر عباس کھوکھر، پروفیسر معین، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر اسد اسلم خان اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی اور وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے لاہور یوتھ فیسٹیول کی تقریب کے شرکاءسے خطاب کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہوں نے کل کو پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ دعا ہے کہ ہمارے نوجوان پاکستان کیلئے عزت کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہاکہ کیمکولینز پاکستان کا فخر ہیں۔ ڈاکٹرز کا پروفیشن بہت مقدس ہے۔ غیر نصابی سرگرمیاں بے حد ضروری ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے خوبصورت لاہور یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ آپ کو اچھا انسان بنائے اور آپ قوم کے لئے باعث عزت بنیں۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت رشدہ لودھی نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کو دنیا میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور دکھانے کا نادر موقع فراہم ہوا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے کہاکہ لاہور یوتھ فیسٹیول کے انعقاد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔



















