بجلی سستی کرنے پر رضا مند چینی آئی پی پی کے انجینئرز کو نشانہ بنایا گیا،اورنگزیب

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے ایک دن کی ہڑتال سے بڑا معاشی نقصان ہوتا ، دکانیں بند کرانے کی بجائے ٹیبل ٹاک کریں، موجودہ معاشی استحکام کامیاب آئی ایم ایف سٹینڈ بائی معاہدے کی تکمیل کا نتیجہ ہے ،آغاز وزیر اعظم شہباز شریف نے کیا اور نگراں حکومت نے کامیابی سے مکمل کیا

صحافیوں اوراورسرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا حکومت کی بنیادی توجہ اقتصادی ڈھانچے میں ضروری اصلاحات کو یقینی بنانا ہے جس میں توانائی، سرکاری ادارے، نجکاری، ٹیکس کا نظام اور حکومت کے سائز میں کمی شامل ہیں، اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات کے عمل کو جاری رکھیں گے،ماضی میں پاکستان کو صرف ایک قسط وصول کرنے والا ملک سمجھا جاتا تھا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس تاثر کو ختم کیا جائے۔

وفاقی وزیرنے کہا کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز چائنیز آئی پی پی سے منسلک تھے، انہی انجینئرز سے ٹیرف میں کمی سے متعلق وزارت خزانہ اور وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری مذاکرات کر رہے تھے،چینی انجینئرز سے ٹیرف میں کمی کےلئے قرض کی ری پروفائلنگ پر بات ہورہی تھی، یہ وہ چائنیز آئی پی پی ہے جس نے حکومت سے بات چیت میں مثبت جواب دیا تھا، چینی بھائیوں کے جانی نقصان کی کوئی قیمت نہیں لگائی جاسکتی،احتجاج کرنے والے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

سینیٹر اورنگزیب نے مزید کہا احتجاج کرنےوالے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنائیں، معاشی استحکام کےلئے کیے گئے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ،مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ، ہڑتالوں کے ملکی معیشت پر گہرے اثرات پڑتے ہیں، آئندہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی کا امکان ہے، آنےوالے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی۔