ڈی چوک احتجاج: عمران خان، گنڈاپور کیخلاف ایک اور مقدمہ درج، پی ٹی آئی کے 19 کارکن جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ڈی چوک احتجاج کے سلسلے میں عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا،تحریک انصاف کے وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک پر احتجاج کے معاملے میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کےخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،سرکار کی مدعیت میں تھانہ نون میں مقدمہ 26 نمبر کے مقام پر ہنگامہ آرائی اور جلاو گھیراو پر درج کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی سمیت 10سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں،مقدمے میں کہا گیا ہے بانی پی ٹی آئی جیل مینوئل سے ہٹ کر غیر ضروری ملاقاتوں اور رابطوں کی سہولت کے باعث کارکنوں کو ریاست مخالفت پر اکساتے ہیں، مقدمے میں عامر مغل سے سمیت 3 ہزار کے قریب نامعلوم کارکنان کو بھی شامل کیا گیا ہے، مقدمے میں مزید کہا گیا ہے مظاہرین نے سرکاری گاڑیوں پر حملہ آور ہوکر انہیں نذرآتش کیا،مزید برآں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 19 کارکنوں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا،تھانہ ترنول کی حدود سے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے پی ٹی آئی کے 19 کارکنوں کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری اور دیگر وکلا پیش ہوئے،دوران سماعت پراسیکیوٹر راجا نوید کی جانب سے گرفتار ملزمان کے 35 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے مخالفت کرتے ہوئے نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ نے مو¿قف اختیار کیا تحریک انصاف والوں پر ہر مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا جا رہا ہے،وکیل نے عدالت کو بتایا گرفتار کارکنوں میں ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے، جج نے ریمارکس دئیےکیس ریکارڈ میں جوان بتایا گیا ہے، یہ آپ دیکھ لیجیے گا،بعد ازاں عدالت نے 19 ملزموں کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا،دریں اثناءانسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،عدالت نے علی امین گنڈا پور اور عامر مغل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج دن11 بجے دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔