پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاری غیر قانونی ،پولیس ایوان میں کیسے گھسی؟،ہائیکورٹ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے آئی جی اور چیف کمشنر بتائیں گے پارلیمنٹ کے اندر پولیس کیسے گئی؟،ممبر قومی اسمبلی زین قریشی کی 10 ستمبر کو پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاری کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی،عدالتی حکم کے باوجود قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ، پولیس اور انتظامیہ کی رپورٹ جمع نہ ہوسکی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سٹیٹ کونسل کو ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے پوچھا پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاری کیسے ہوئی ؟قومی اسمبلی کے رولز کے مطابق رپورٹ جمع کرائیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا نوٹس بھیجے تھے سب کو ،کیا بنا؟،سٹیٹ کونسل نے جواب دیا رپورٹ پیش نہیں ہوسکی، کچھ وقت دے دیں،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کتنے دن ہو گئے کیا ہوگیا ،10 دن ہو گئے ، آئی جی اور چیف کمشنر بتائیں گے پارلیمنٹ کے اندر پولیس کیسے گئی ، پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاری غیر قانونی ہے، آپ نے بتانا ہے کیوں ایسے گرفتار کیا گیا، پارلیمنٹ سے گرفتاری کا کیا قانونی طریقہ تھا ، پارلیمنٹ کے رولز و استحقاق بھی ہیں وہ بھی دیکھنے ہوں گے،وکیل نے دلائل دئیے رولز بنے ہوئے ہیں قومی اسمبلی کی حدود سے کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا ، سپیکر کی اجازت کے بغیر کسی کو پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا،عدالت نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی قومی اسمبلی کے رولز دیکھ لیں اور ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرائیں، مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔