روزنامہ ”مشرق“ پر یلغار صحافتی اقدار پر حملہ، ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنا ضروری ہے :خواجہ احمد حسان
لاہور (میاں ساجد سے) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان خواجہ احمد حسان کی روزنامہ ”مشرق“ کے دفتر آمد، گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل اور چیف رپورٹر شوکت اللہ مروت نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے ”مشرق“ کے آفس میں توڑپھوڑ کرنے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ”مشرق“ پر حملہ دراصل صحافتی اقدار پر حملہ ہے اسلئے واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم روزنامہ ”مشرق“ کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے ازالے تک آپکے شانہ بشانہ ساتھ ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ صحافتی حلقوں کا وہ معتبر اخبار ہے جس نے ہمیشہ حق سچ کی سربلندی کیلئے اپنی صحافتی کردار کو پوری ذمہ داری سے ادا کیا ہے۔ اس موقع پرگروپ ایڈیٹر روزنامہ ”مشرق” اشرف سہیل نے انہیں مشرق پر حملہ کی ویڈیوز دکھائیں اور ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور انکوائری کمیٹی کے احوال سے بھی آگاہ کیا جس پر مرکز ی رہنما مسلم لیگ (ن) نے ڈی آئی جی فیصل کامران کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل کامران ایک فرض شناس اور جہاندیدہ آفیسر ہیں جو مشرق پر حملہ کرنے والوں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ احمد حسان نے کہا کہ انصاف کے حصول کیلئے روزنامہ ”مشرق“ جب ضرورت محسوس کرے میری ذات ہمہ وقت حاضر ہے۔ گروپ ایڈیٹر روزنامہ ”مشرق“ اشرف سہیل نے انکی روزنامہ ”مشرق“ آفس میں آمد پر انکی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپکے بھر پور حوصلہ افزائی کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر گروپ ایڈیٹر روزنامہ ”مشرق“ اشرف سہیل نے خواجہ احمد حسان کو مشرق آفس کے مختلف شعبہ جات رپورٹنگ سیکشن میگزین سیکشن نیوز روم کا دورہ بھی کروایا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے روزنامہ ”مشرق“ سے وابستہ سٹاف کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔



















