عمران خان کا عدلیہ کے حق میں احتجاج شروع کرنے کا اعلان، توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواست ضمانت مسترد
راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی نے مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے عدلیہ کے حق میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اہم ہدایت جاری کردی دوسری جانب پی ٹی آئی میں اختلافات ختم کرنے کے معاملے پر عمران خان نے بیرسٹر گوہر کوچیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا عندیہ دیدیا،اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہاکل میانوالی، فیصل آباد اور بہاولپور میں احتجاج ہوگا جبکہ چار اکتوبر جمعہ کو ڈی چوک اور پھر 5 اکتوبر کو لاہور مینار پاکستان میں احتجاج کیا جائے گا، احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ گنڈا پور کریں گے اور وہ انقلاب کی درست بات کرتے ہوئے میرا موقف عوام تک پہنچا رہے ہیں، انہوں نے اسلام آباد کی جانب مارچ کر کے عوام کو جگادیا،عمران خان نے کہا ہم ہر صورت اور آخری گیند تک مقابلہ کرتے ہوئے عدلیہ کا دفاع کریں گے اور اپنی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے،ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر گوہر کوچیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا عندیہ دیدیا، نئے چیئرمین کیلئے اسد قیصر کو فیورٹ قراردیا جارہا ہے،اسد قیصر کو بانی تحریک انصاف کا پیغام پہنچایا گیا تھا، اسد قیصر عمران خان کو ملنے جمعرات کو اڈیالہ جیل بھی گئے تھے، اسد قیصر کئی گھنٹے انتظار کرتے رہے مگر ملاقات نہ ہوسکی، ملاقات نہ ہونے کے باعث عمران خان نے اعلان نہیں کیا،علاوہ ازیں توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی ور بشریٰ کی درخواست ضمانت مسترد ہوگئی، کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔



















