گنڈا پور کی دھمکی9مئی دہرانے کااعلان ہے،وفاقی،پنجاب حکومت

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد اور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی 9 مئی دہرانے کا اعلان ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاگولی چلانے اور لاشیں گرانے کا بیان گنڈا پور کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ،اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں،پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، اقدام ،رویہ جمہوری، سیاسی و پارلیمانی نہیں ،کبھی نہیں کہاگیا تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی بہتری کے میدان میں مقابلہ کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہاانقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں میںلائیں، خیبرپختونخوا میں کرپشن ، نا اہلی کی انتہا ہو چکی، اصل مقابلہ تھا وفاق ، پنجاب کی طرح بجلی صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت کوئی ریلیف دیتی،صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانےوالے اب ایس سی او اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہاپاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ، عوام کو تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو تکلیف ہے مہنگائی 32سے 9.6 فی صد پر کیوں آگئی ، گالی، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم ہوگی نہ بےروزگاری، 11 سال سے خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہے،وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطینیو ں کی حمایت کرکے اسرائیل کو للکارا، پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹوں کو تکلیف ہوگئی ۔

دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاگنڈاپور پنجابیوں ،پختونوں کو لڑانا چاہتے ہیں،سیاسی گدھ نہیں جو لاشوں کا انتظار کریں ،کاہنہ میں غنڈہ گردی کے بعد راولپنڈی میں یلغار کرنے کی ناکام کو شش کی گئی ،پنجاب کی وارث مریم نواز کواپنے لوگوں کی حفاظت ،قانون کی رٹ قائم کرنا آتا ہے، گنڈا پور کو سستی اداکاری ،دو نمبر مولا جٹ بننے سے فرصت ملے تو پتہ چلے کے پی کے میں کیا ہو رہا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاکے پی کے حکومت نے اپنی عیاشیوں کےلئے اخراجات میں 69 کروڑ کا اضافہ کیا،قرض 101 ارب 72 کروڑ بڑھ کر630 ارب ہو گیا،صوبے میںیونیورسٹیوں کی تعداد 32 سے کم کر کے 12 کی جا رہی ہے، غیر فعال سکولوں کی تعداد 543 ،30 ہزار سے زائد اساتذہ کی آسامیاں خالی پڑی ہیں،صوبے کا پیسہ جلسے جلسوں اور احتجاجوں پر ضائع کیاجارہاہے، علی امین گنڈا پور ہوش کے ناخن لیں، پنجاب میں بدمعاشی ،غندہ گردی کی اجازت نہیں،آپ کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہافتنہ پارٹی پاکستان کے عوام کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی، آپ نے احتجاج کرنا ہی ہے تو خیبرپختونخوا میں کیوں نہیں کرتے؟ ،خیبرپختونخوا میں امن و امان پر اجلاس کیوں نہیں ہوتا؟، پنجاب کے عوام مریم نواز کی کارکردگی کے معترف ہیں، بلوچستان حکومت بتائے کب تک معصوم پنجابیوں کا خون بہتا رہے گا؟ پنجابیوں کا خون سستا نہیں ،ملکر پنجابی اور بلوچی کو آپس میں لڑانے کی سازش ناکام بنائیں گے۔