گنڈاپور کےساتھ پھر موئے موئے ، فتنے کو ملکی سکون اچھا نہیں لگتا :پنجاب حکومت

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے جیل میں بیٹھے فتنے کو ملک کا سکون اچھا نہیں لگتا ، قیدی نمبر 804 خونریزی کروا رہا ہے، لاشوں کی سیاست کرنا بانی پی ٹی آئی کاپرانا وطیرہ ہے،گنڈاپور کے ساتھ پھر موئے موئے ہوگیا، سر پٹخ پٹخ کر واپس لوٹ گیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاملکی حالات بہتر ہونے لگتے ہیں توفتنہ فساد شروع ہوجاتا ہے، وزیراعلیٰ کے پی کو اپنے صوبے کی کوئی پرواہ نہیں، کسی وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں فائل ہونی چاہیے یا بندوق؟ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے،کسی کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے،پنجاب کے اندر قانون موجود ہے، جمہوریت کا شیلٹر اب آپ کو نہیں لینے دیں گے، جج صاحبان سے گزارش ہے دیکھیں ایسے جلسے ہوتے ہیں؟ ۔

وزیر اطلاعات نے کہاخیبرپختونخوا کی ماو¿ں سے پوچھنا چاہتی ہوں آپ کے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کیوں نہیں ہونا چاہیے؟ خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی اتنی ہی فکر ہے جتنی پنجاب کے بچوں کی ہے، پنجاب نے جلسے و دھرنے کی سیاست کو مسترد کردیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوگیا، پہلی قسط بھی مل گئی، آئی ایم ایف سے قرضے کی پہلی قسط ملنے پر معاشی حالت مستحکم ہوگی، وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ میں فلسطین ،کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑا،خطاب میں پاکستانی قوم کی ترجمانی کی ، پوری دنیا نے کشمیر فلسطین پر پاکستان کے واضح موقف کو سنا،شہبازشریف نے اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کا بائیکاٹ کیا،تقلید کرتے ہوئے باقی ممالک نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کا بائیکاٹ کیا، اقوام متحدہ کے باہر تماشہ لگانے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا 15سالوں میں پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو دیوالیہ بنادیا ،2022 میں 8 ارب سوشل میڈیا کا بجٹ کس پارٹی کا تھا؟ 24 گھنٹے لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھولا گیا،لمٹ اب ختم ہوچکی ،2صوبوں کے درمیان لڑائی نہیں چاہتے، وقت آنے والا ہے اب احتساب ہوکر رہے گا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاراولپنڈی کے لوگوں نے پی ٹی آئی جلسے کو مسترد کردیا،سیف سٹی کیمروں کی ویڈیو میں لوکیشن اور وقت کےساتھ واضح دیکھا جاسکتا ہے دور دور تک جلسہ گاہ میں لوگ موجود ہی نہیں تھے،عوام مریم نواز پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں اور اپنی وزیراعلیٰ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ،قوم نے ملک میں انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا ابھی تو آغاز ہے۔