آئینی شقوں کیخلاف جوڈیشل اختیارات کا استعمال غیر آئینی ہے:عدالت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامی افسروں کو بطور ایگزیکٹو مجسٹریٹ مقدمات کے فیصلوں سے روکدیا ۔

جسٹس ارباب طاہر نے ایگزیکٹو کے جوڈیشل اختیارات استعمال کرنے کےخلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں صرف عدالتیں ہی جوڈیشل اختیارات استعمال کرسکتی ہیں، جوڈیشل اختیارات کا استعمال صرف آئین کے آرٹیکل 175(3)، 202 اور 203 کے تحت ہی ہوگا، آئینی شقوں کےخلاف جوڈیشل اختیارات کا استعمال غیر آئینی ہے،قانون کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں، کوڈ آف کریمنل پروسیجر میں ترمیم کر کے صوبائی حکومتوں کا ایگزیکٹو مجسٹریٹس تعینات کرنے کا اختیار واپس لیا گیا، تشویشناک بات ہے وفاقی حکومت 23 سال گزرنے کے باوجود نوٹی فکیشن جاری نہیں کرسکی۔

عدالت نے کہا نوٹی فکیشن جاری ہونے تک ایگزیکٹو مجسٹریٹس زیر التوا کیسز کا فیصلہ نہ سنائیں، ترمیمی آرڈی نینس کے نفاذ کے بعد ایگزیکٹو مجسٹریٹس کیسز کا ریکارڈ متعلقہ سیشن ججز کو بھجوائیں، سیشن ججز ان کیسز پر قانون کے مطابق فیصلے کےلئے موصول شدہ فائلز جوڈیشل مجسٹریٹس کوبھجوائیں، آئین کا آرٹیکل 175(3) واضح اور غیر مبہم ہے جس میں عدلیہ اور ایگزیکٹو کو الگ کیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا عدلیہ کو ایگزیکٹو سے علیحدہ کرنے کی فارمیلٹیز پوری کرنے کےلئے 14 سال کا وقت دیا گیا، 14سال کا وقت 14 اگست 1987ءکو مکمل ہوا مگر اس کے باوجود انتظامی افسران جوڈیشل اختیارات استعمال کر رہے ہیں، عدلیہ کو ایگزیکٹو سے علیحدہ کرنے کےلئے مقرر کیے گئے وقت کے بعد تاخیر غیر آئینی ہے، آئین کے ہر لفظ کا ایک مطلب اور مقصد ہے۔