راولپنڈی،لاہور: (بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر) جلسے کی درخواست واپس،پی ٹی آئی کاآج پنڈی میں احتجاج،لیاقت باغ سیل،پولیس کی چھٹیاں منسوخ،2دن کیلئے دفعہ144نافذ کردی گئی۔
پی ٹی آئی قیادت نے بانی چیئرمین کی ہدایت پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں دائر درخواست واپس لی،احتجاج کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی،پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختوانخوا علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کریں گے، اسلام آباد سے پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی،راستوں کی بندش پروہیں احتجاج ہو گا، اسلام آباد، شمالی پنجاب اور کے پی کے سے قافلے راولپنڈی آئیں گے،گرفتاریوں کی صورت میں انصاف لائرز فورم قانونی معاونت دےگا۔
دوسری جانب لیاقت باغ کو سیل کرکے گیٹ پر تالے لگاکر بھاری نفری تعینات کردی گئی،چہل قدمی کےلئے آنے والے افراد کو بھی باہر نکال دیا گیا ،ادھر پنجاب حکومت نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کےلئے دفعہ 144 نافذ کرکے رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں ہوگا،ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج پر پابندی ہوگی،صوبائی حکومت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن میں رینجرز کی تعیناتی کےلئے مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا،ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی ،اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی،امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
مزید برآں پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کےلئے پولیس کی چھٹیاں اچانک منسوخ کرکے چھٹیوں پر گئے افسروں و جوانوں کو ہنگامی حالت میں ڈیوٹیوں پر واپس طلب کرلیا گیا، مراسلے میں واضح کیا گیا احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور لا اینڈ آرڈر کےلئے ڈیوٹی پر نہ پہنچنے یا غیر حاضر رہنے والوں کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کاپنڈی احتجاج،لیاقت باغ سیل،دفعہ144نافذ،رینجرز طلب



















