اسرائیلی درندگی، لبنان پر بمباری، سینکڑوں شہید، ایک ہزار سے زائد زخمی

تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیلی فوج کی لبنان میں وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں شہید ،1000 سے زائد زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج نے لبنان میں شدید حملے کیے اور بیکا وادی میں بھی شدید بمباری کرتے ہوئے حزب االلہ کے300ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے،عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنانی نیوزایجنسی کے مطابق نبیتاہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے آدھے گھنٹے کے دوران 180 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں ، حملوں میں سینکڑوں افراد شہید جبکہ 1000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں،صہیونی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے لبنان میں شہریوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں کے اطراف سے نقل مکانی کا حکم دیا،دوسری جانب غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت اللحم میں ایک لڑکی سمیت پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاﺅں سے بچوں سمیت درجنوں فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا ہے،ادھر حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے حزب اللہ نے شمالی اور وسطی اسرائیل پر درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے 150راکٹوں اور کروز میزائلوں سے جوابی حملہ کیا جس میں 50 کلو میٹر جنوب کی طرف کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بم برسا ئے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا،برطانوی اخبار دی گارجین نے اسرائیل کے تازہ ترین حملوں کو غزہ میں گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونے والی لڑائی کے حوالے سے اب تک کے شدید ترین حملے قرار دیا ہے،لبنان کی وزارت صحت کے حکام نے بتایا پیر کی صبح صہیونی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں اور دیہات کو نشانہ بنایا، حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ،سرکاری حکام کے محتاط اندازے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنوبی لبنان کے بہت سے علاقوں سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی ہے، لبنانی حکومت کے ذرائع نے کہا اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان اور دیگر علاقوں میں حزب اللہ کے 300 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ،اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے برطانوی اخبار کو بتایا شمالی اسرائیل اور دیگر بہت سے علاقوں پر حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے، 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کے بعد سے اب تک کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل پر کوئی حملہ نہ کیا گیا ہو، اب اسرائیل کے پاس بھرپور جوابی کارروائی کے سوا چارہ نہیں،صہیونی فوج نے جنوبی لبنان میں بقا کے علاقے میں رہنے والوں سے کہا ہے وہ وہاں سے فوری طور پر نکل جائیں کیونکہ وہاں حزب اللہ کے میزائلوں کا بہت بڑا ذخیرہ ہے جسے نشانہ بنانے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔