مسائل پر توجہ ، عوام سے کئے وعدے ترجیحی بنیادوں پر پورے کر رہے ہیں: عبدالعلیم خان

لاہور(خبرنگار)وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 30سال سے حل طلب مسائل پر توجہ ہے ،این اے 117 کے عوام کے وعدے ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر برائے نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان سے حلقے کی سماجی اور سیاسی شخصیات، سابق کونسلرز، بلدیاتی نمائندوں اور مقامی رہنماﺅں نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے حلقہ این اے 117 میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے خصوصی پیکیج اور کاموں کے آغاز کا اعلان کیا۔ حلقے کی ترقیاتی سکیموں میں واٹر سپلائی، سیوریج، روڈ کارپیٹنگ، لنک روڈز اور سروس روڈ کی تعمیر شامل ہے۔عبد العلیم خان نے کہا کہ این اے 117 میں 21 نئے ٹیوب ویل، ایک ڈسپوزل اسٹیشن شامل ہے جبکہ واٹر سپلائی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے پیکیج میں 30کروڑ روپے کی لاگت سے 4 رابطہ سڑکیں اور ایک نیا یو ٹرن بنے گا۔ انہوںنے کہا کہ سیوریج کے بغیر سڑک بنانا سرکاری فنڈز کا ضیاع ہے، ادارے ضروری پروٹوکول مدنظر رکھیں۔