مشرق پر حملہ کرنےوالے بلوائی آزاد،پولیس کاکارروائی سے انکار

لاہور: (رپورٹنگ سیل) مشرق پر حملہ کرنےوالے بلوائی آزاد،پولیس کاکارروائی سے انکار،صحافتی تنظیموں نے احتجاج کی دھمکی دےدی۔

3روز قبل عدالتی فیصلے کی آڑ لےکر بلال ، عمران ، منیر چوہان اور سید محسن مشتاق ہاشمی نے درجنوں مسلح افراد کےساتھ روزنامہ مشرق لاہور کے دفتر پردھاوا بولا،حملہ آوروں نے آفس سٹاف کو عدالتی احکامات دکھائے نہ ہی انتظامیہ سے کسی قسم کا کوئی رابطہ کیا،غنڈ ہ عناصر نے دفتر میں گھستے ہی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے تمام سامان اٹھا کر باہر پھینک دیا،لاکھوں کی اشیاء،اہم کاغذات ، لیٹر ہیڈ اور مہریں ساتھ لے گئے۔

مشرق انتظامیہ کی طرف سے بلوائیوں کےخلاف کارروائی کی درخواست دی گئی تو ایس ایچ او تھانہ چوہنگ نے کسی بھی کارروائی سے انکار کردیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ادارے کو عدالتی احکامات کا احترام ہے لیکن جس طرح سے بے قابو ہجوم نے حملہ کیا اور لوٹ مار کی گئی وہ دہشتگردی ہے،غنڈہ عناصر کیخلاف کارروائی کرکے ادارے کا قیمتی سامان ، اہم دستاویزات اور نقدی برآمد کرائی جائے لیکن ایس ایچ او نے ہاتھ کھڑے کردئیے۔

ملک بھر سے صحافتی ، سیاسی ، سماجی تنظیموں ، شخصیات کی جانب سے غنڈہ گردی کی مذمت کاسلسلہ جاری ہے،صحافتی تنظیموں نے دھمکی دیتے ہوئے کہاظلم و ناانصافی کا نوٹس لیکر بلوائیوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی ملک گیر احتجاج کریں گے۔